وکٹوریہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے اور آفٹر شاک، کچھ عمارتوں کو نقصان ۔ میلبورن میں صنعتی ملازمین کے لیے لازمی ویکسینیشن کے خلاف مظاہرے اور حکومت کی سخت وارننگ، مسٹر موریسن نے کہا کہ جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں میں سرمایہ کاری کرنا آسٹریلیا کے مفاد میں ہے۔ (سنئے اور پڑھئے)
وکٹوریہ کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ ۵.۹میلبورن میں آج صبح آنے والے شدت کے زلزلے کا مرکز وکٹورین ٹاؤن مین فیلڈ کے قریب مرکز میں دس کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔
عینی شاہدین نے ایس بی ایس کو بتایا کہ پہلا بڑا جھٹکا تقریبا 30 سیکنڈ تک محسوس کیا گیا۔ جس سے کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی زلزلے کے بعد ہلکے آفٹر شاکس بھی آئے۔زلزلے کا اثر اے سی ٹی اور نیو ساؤتھ ویلز کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیا گیا۔
امریکہ کے دورے پر موجود وزیر اعظم سکاٹ کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا کے حکام سے رابطے میں ہیں اور جہاں ضرورت ہو وفاقی حکومت مدد کرے گی۔
وکٹوریہ میں کنسٹرکشن ورکر یونین کےمظاہرین کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ گھر پر رہیں۔ میلبورن میں صنعتی ملازمین کے لیے لازمی ویکسینیشن کے خلاف تیسرے دن مظاہرے کیے۔
پریمیئر ڈینیئل اینڈریوز نے منگل کو ہونے والے پرتشدد مظاہروں کی مذمت کی ہے ، جس میں مشتعل ہجوم نے شہر میں ہنگامہ آرائی کی تھی اور ویسٹ گیٹ برج کو بند کر دیا تھا۔ ڈینیئل اینڈریوز کا کہنا تھا کہ وکٹورین پولیس کو ہجوم کو قابو میں لانے کے لئے طاقت کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ میلبورن اور بیونس آئرس دنیا میں طویل ترین لاک ڈاون والے شہر بن گئے ہیں جہاں چھ بار کے لاک ڈاؤن کی کلُ معیاد 234 دن ہو گئی ہے
کل تک وکٹوریہ ن 60،000 سے ذیادہ ٹیسٹ ہوئے اور 628 نئے کووڈ کیس اور تین اموات ریکارڈ ہوئیں
وبا کی روک تھام پر عالمی اتحاد کی سربراہ جین ہالٹن نے نائن نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میلبورن میں تعمیراتی صنعت کے مزدوروں ے دو روزہ احتجاج سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز میں کل رات تک کوویڈ 19 کے 1035 نئے کیسز اور ۵ اموات ریکارڈ کی گئ ہیں۔ پریمیئر گلیڈس بیرجیکلیان کا کہنا ہے کہ پہلی خوراک کی ویکسینیشن کی شرح فی الحال 83 فیصد پر ہے جبکہ 54.2 فیصد اہل افراد کو دو ویکسین دی گئی ہے۔ آنے والے ہفتوں میں شہر کو دوبارہ کھولنے کے منصوبوں کے باوجود سڈنی میں نئے سال کے موقع پر نو بجے کا فائیر ورک مسلسل دوسرے سال بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سڈنی شہر کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ آتش بازی کا [ رات 9 بجے] کا ہونے والا اس سال کا مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس کے دوران نیو یارک میں سفارتی ملاقاتیں کی ہیں۔مسٹر موریسن نے یورپی کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات کی تا کہ فرانس کے ساتھ 90 ارب ڈالر کے آب دوزوں کے معاہدے کی منسوخی سے پیدا ہونے والے بحران کو حل کیا جاسکے۔ مسٹر موریسن نے کہا کہ جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں میں سرمایہ کاری کرنا آسٹریلیا کے مفاد میں ہے۔انہوں نے ایک بار پھر آکس سہ فریقی شراکت داری کا دفاع کیا ۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے آسٹریلیا اور برطانیہ کے ساتھ نئی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی اتحادیوں کے بہترین مفاد میں ہے۔ مسٹر بائیڈن نے کہا کہ ایشیا پاسیفک خطے میں آسٹریلیا سب سے زیادہ قریبی اور قابل اعتماد اتحادی ہے۔ مسٹر موریسن اور مسٹر بائیڈن نے نیو یارک میں ذاتی طور پر پہلی ملاقات کی۔
فرانس نے امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری آبدوزوں کے معاہدے کے بعد بطور احتجاج دونوں ممالک سے اپنے سفیر واپس بلا لیے ہیں۔
فرانس کے وزیرِ خارجہ جین ایو لے ڈریئن نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ ان کے ملک کا یہ اقدام معاملے کی سنگینی کی وجہ سے جائز ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے عالمی لیڈروں کو خبردار کیا ہے کہ اقوام عالم اس وقت شدید ترین بحرانوں میں گھری ہیں۔
انہوں نے عالمی وبا اور آب و ہوا کی تبدیلی کے بحران کے علاوہ افغانستان، ایتھوپیا اور یمن سمیت بہت سے ملکوں میں جاری بحران کا حوالہ دیا۔
گوئٹرس نے کہا کہ اقوام متحدہ اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے پیش پیش ہے۔ انہوں نے امیر ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سیاسی عزائم کمزور ہیں اور بعض اوقات وہ خود غرضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویکسین کا ذخیرہ کرنے یا قیمتی ویکسین کو ضائع کر نے جیسے اخلاقی جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
امریکہ کی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک مکینزی نے اعتراف کیا ہے کہ افغانستان سے انخلا کے آخری مرحلے میں دارالحکومت کابل میں ڈرون حملے میں ان دہشت گردوں کو ہلاک نہیں کیا گیا جو ایئر پورٹ پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
امریکی جنرل کا جمعے کو یہ اعتراف اس ملٹری تحقیقات کے بعد سامنے آیا ہے جو موقع پر موجود لوگوں کے دعوؤں اور ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے بعد کی گئی تھی کہ گزشتہ ماہ 29 اگست کو نشانہ بنایا جانے والا ہدف کبھی بھی خطرہ نہیں تھا۔
امریکہ نومبر کے اوائل سے ملک میں آنے والے غیر ملکی مسافروں کے لیے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کر دے گا۔
18 ماہ قبل کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد امریکہ نے بیرونی ملکوں سے آنے والے مسافروں پر بڑی حد تک پابندی لگا دی تھی۔ حالیہ مہینوں میں یورپی ممالک نے گرمیوں کی چھٹیوں کے موسم سے قبل امریکی مسافروں پر اپنے ہاں آنے پر عائد پابندں نرم کر دی ہیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیج اللہ مجاہد نے ننگرہار میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے امریکی ایجنسیوں کے ان اندیشوں کو مسترد کیا ہے داعش خراساں گروپ علاقے کے لئےبڑا خطرہ ہے۔ یاد رہے کہ داعش خراساں گروپ نے پچھلے مہنے کابل ائیرپورٹ پر دو خودکش حملے کئے تھے۔ مگر طالبان کا دعویٰ ہے کہ دہشت گرد گروپس پر قابو پا لیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خواتین کو تعلیم حاصل کرنے سے روکنا غیر اسلامی ہوگا۔
بی بی سی کو دئے گئے انٹرویو میں پاکستان کے وزیرِ اعظم نے نئی طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے لیے اپنی شرائط بھی بتاتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں ایک شمولیتی حکومت قائم ہونا، وہ افغانستان میں انسانی حقوق کے احترام کی یقین دہانی اور یہ کہ افغانستان کو ایسے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے لیے استعمال نہ کیا جائے جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
انڈیا کی ریاست پنجاب میں گزشتہ ہفتے کیپٹن امریندر سنگھ کے ڈرامائی استعفے کے بعد چرنجیت سنگھ چنی نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔58 سالہ چرنجیت سنگھ چنی ریاست کے پہلے دلت وزیراعلیٰ ہیں۔ کانگریس پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر ایک دلت کی تقرری کو ریاست کی تاریخ میں ایک نیا باب قرار دیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچ سے قبل دھمکی موصول ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ لیسٹر شہر میں منگل کو ہونے والے ایک روزہ میچ سے قبل انہیں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جسے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو ارسال کر دیا گیا ہے مگر سیریز جاری رہے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پیر کے روز اپنے ویڈیو پیغام میں واضح طور پر کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے اچانک چلے جانے سے جو مالی نقصان پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہوا ہے وہ ضرور پورا ہو گا، وہ یہ معاوضہ نیوزی لینڈ سے دلوا کر رہیں گے اور اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی سے پاکستان ٹیلی ویژن کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ دونوں بورڈز کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وکلا سے مشورہ کریں گے۔‘
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال دورہ پاکستان کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے ۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے اگلے سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے