متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بشمول جنر ل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبراورپاکستان کے خلاف الفاظ استعمال کرنے پرندامت کااظہارکرتے ہوئے پاکستان کے عوام ، مسلح افواج، جنرل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر اور تمام ارباب اختیارسے خلوص دل کے ساتھ معذرت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ میں الطاف حسین اپنے ساتھیوں کے ماورائے عدالت قتل اورساتھیوں کی مسلسل گرفتاریوں اوران کی مشکلات دیکھ دیکھ کر شدیدذہنی تناؤکاشکارہوا بھوک ہڑتال پربیٹھے ساتھیوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے میراذہنی تناؤ آہستہ آہستہ بڑھتاگیا جس کی وجہ سے میں نے بھوک ہڑتالی کیمپ پر جمع ہونے والے ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جوالفاظ استعمال کئے وہ انتہائی ذہنی دباؤکے نتیجے میں کہے گئے ۔اورمیں شدت جذبات سے مغلوب ہوکروہ الفاظ اداکر بیٹھا جومجھے ہرگز ہرگز استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے
۔میں واضح الفاظ میں کہتاہوں کہ میں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بشمول جنر ل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبراورپاکستان کے خلاف جوالفاظ استعمال کئے اس پر میں نادم ہوں اورپاکستان کے عوام ، مسلح افواج، جنرل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبرسے خلوص دل کے ساتھ معافی کاطلبگارہوں اوران سے کہتا ہوں کہ میرے الفاظ کی سزا ایم کیوایم اوراس کے کارکنان کونہ دیں۔ میں ایک پاکستانی کی حیثیت سے پاکستان کے عوام ، اسٹیبلشمنٹ، فوج، آئی ایس آئی ، تمام ارباب اختیار اورحکمرانوں کویقین دلاتاہوں کہ آئندہ میری جانب سے ایسے الفاظ ہرگزاستعمال نہیں ہوں گے۔
