پاکستان میں گزشتہ کئی برسوں سے جاری فٹبال کا بحران سنگین صورت اختیار کئے ہوئے ہے۔ اسی بحران کے باعث پاکستان ایس اے ایف ایف کپ اور ایشین سالیڈیریٹی کپ میں بھی شرکت نہیں کر سکا۔ تاہم ملک میں اس ہر دلعزیز کھیل کا ایک مرتبہ پھر احیا کرنے اور اس کے مردہ ڈھانچے میں ایک نئی روح پھونکنے کے لئے ٹرنک والا گروپ کی جانب سے لیژرلیگ کا اہتمام کیا گیا۔
لیگ کی جانب سے کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کی سیریز منعقد کرائی گئی جس میں بین القوامی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔پاکستان آنے والے رونالڈینیو اینڈ فرینڈز میں سے دو کا تعلق برازیل، دو کا انگلینڈ ،ایک کا فرانس، ایک ہالینڈ اور ایک کا پرتگال سے ہے۔
دنیا فٹ بال کے سات مشہور کھلاڑی رونالڈینیو، ریان گگز، نکولس انیکا، انگلینڈ کے سابق گول کیپر جمیز، گھانا کے جارج بوئیٹنگ، رابرٹ پیرز اور لوئی بومور میچ کا حصّہ بنے
دنیا فٹ بال کے سات مشہور کھلاڑی رونالڈینیو، ریان گگز، نکولس انیکا، انگلینڈ کے سابق گول کیپر جمیز، گھانا کے جارج بوئیٹنگ، رابرٹ پیرز اور لوئی بومور دبئی سے پہلے اسلام آباد پہنچے، جہاں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ 8 جولائی کی شام یہ کھلاڑی اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں اس رات ہونے والے میچ کو دیکھنے کے لیے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

ان نمائیشی میچز کو کھیلنے کے لیے غیر ملکی اور مقامی کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں بنائی گئیں تھی۔ ٹیموں کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے میچز میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
نمائشی میچز میں ایک ٹیم 7 کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جس میں ایک ٹیم کی قیادت رونالڈینو اور دوسری ٹیم رائن گگز کی قیادت میں میدان میں اتری۔
کراچی میں ہونے والے پہلے میچ میں رونالڈینیو7 کی ٹیم نے ریان گگز کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اس لیگ کا دوسرا میچ لاہور میں واقع فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا اس میچ کو بھی رونالڈینیو کی ٹیم نے 0 - 2 سے جیت کر دو میچوں پر مشتمل سیریز جیت لی۔
یاد رہے کہ 37 سالہ رونالڈینو کا شمار اپنے دور کے بہترین فٹبالروں میں ہوتا رہا ہے اور انھیں گیند پر کنٹرول اور مشکل زاویوں سے گول کرنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو گول کرانے میں مدد دینے میں بھی شہرت حاصل ہے۔ رونالڈینیو اور رائن گگز جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور ان کو کھیلتا دیکھنے کے لیے مقامی شائقین ہی نہیں، فٹبال کھلاڑی بھی خاصے پُر جوش تھے۔
ہم نے رونالڈینیو کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر فٹبال شروع کی تھی اور آج ان کو کھیلتے دیکھنا اور ان کے ساتھ کھیلنا ایک خواب تھا جو پورا ہو گیا۔
سابق اولمپئین کلیم اللہ امریکا میں مقیم ہیں تاہم پاکستان میں فٹبال کے احیا کے لیے کی جانے والی کوششوں میں حصہ لینے کے لئے وہ خصوصی طور پر پاکستان پہنچے۔ رونالڈینو جیسے بین الاقوامی شہرت کے حامل اسٹار فٹبالر کے ساتھ میچ کھیلنے پر انہوں نے خاصی مسرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا، ‘‘ ہم نے رونالڈینیو کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر فٹبال شروع کی تھی اور آج ان کو کھیلتے دیکھنا اور ان کے ساتھ کھیلنا ایک خواب تھا جو پورا ہو گیا۔ اس طرح کے میچز سے پاکستان مٰن فٹبال کا رجحان بڑھے گا اور اس طرح کے مزید ایونٹس مستقبل میں ہوں گے تو یہ ملک کی فٹبال کے میدان میں ابتر صورتحال کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

پاکستان نیشنل ٹیم کے گول کیپر یوسف بٹ کہتے ہیں کہ ، ‘‘ یہ ایک بہت بڑا تجربہ تھا۔ اتنے بڑے اسٹارز پاکستان آئے یہ ایک بہت بڑا کام ہے۔ لوگ یہاں نہیں آنا چاہتے لیکن فٹبال کے اتنے بڑے اسٹارز پاکستان آئے ہیں۔ اب اس کے بعد دوسروں کے لیے پاکستان نہ آنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔ لوگوں کا خیال ہے اور وہ سن کر یہ سمجھتے ہیں کہ ملک کے بہت حالات خراب ہیں لیکن ہم نے اس ایونٹ سے ایک مثبت پیغام دیا ہے کہ یہ ملک ایسا نہیں جیسا سنتے آئے ہیں۔ یہاں رونالڈینو جیسے بڑے ستارے ہیں اور کھیلے ہیں۔ یہ دنیا بھر کے لیے پاکستان کی طرف سے ایک اچھا اور مثبت میسج ہے۔’’
ملک میں اس سطح کے کھیل کے اہتمام سے جہاں فٹبال سے منسلک مقامی کھلاڑیوں کی امید ایک بار پھر جاگی ہے وہیں نئے آنے والے کھلاڑی بھی خاصے پُر جوش نظر آئے۔ ایسے ہی ایک ابھرتے ہوئے مقامی نوجوان فٹبالر محمود عالم کا کہنا تھا، ‘‘ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میں اتنے بڑے فٹبالرز کے ساتھ کھیلا ہوں۔ کوچز کا بھی میں بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس خواب کی تعبیر حاصل کرنے کا موقع دیا۔ پہلے دس منٹ تو دل بری شددت سے دھڑکا یہ سوچ کر کہ میں اتنے بڑے ستاروں کے ساتھ کھیل رہا ہوں لیکن اس کے بعد ایک نارمل کھلاڑی کی طرح اپنی پرفارمنس دی ہے جو سب کے سامنے ہے۔’’

بین الاقوامی کھیلوں سے محروم پاکستان کے دونوں بڑوں شہروں میں کھیلے گئے میچز میں شائقن فٹبال کی بڑی تعداد نے شرکت کی لاہور میں معروف فٹبالر رائن گگز نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور کراچی اور لاہور میں ہونے والے پر امن میچز دنیا کے بعد دنیا میں پاکستان میں امن بہتر صورتحال کا پیغام گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں شائقن فٹبال کی دلچسی دیکھ کر حیرانی ہوئی انھوں نے پاکستان کی جانب سے شاندار مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔
فٹبال ستارے پیر کے روز نجی پرواز کے زریعے پاکستان سے روانہ ہو گئے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پاکستان کے کامیاب دورے پر لیثر لیگ کے عہدے دار اسحاق ٹرنک والا کا کہنا تھا کہ ہم اگلے سیزن کے لیے پرجوش ہیں اور مزید فٹبال ستاروں کو پاکستان لے کر آئیں گے انھوں مزید بتایا کہ ہم پاکستان کو فٹبال میں ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ ہر ممکن اقدام کریں گے۔
یہ رپورٹ ہمارے نمائندے ذیشان احمد نے تیار کی ہے
