چند ماہ کی تاخیر کے بعد سروس این ایس ڈبلیو نے ڈیجیٹل ڈرائیور لائسنس کا اجراء کر دیا ہے۔ اس تبدیلی سے اب موبائل فون کو لائسنس دکھانے کے لئے استعمال کیا جا سکے گا- جو ڈرائیور لائسنس حاصل کرنا چاہیں وہ سروس این ایس ڈبلیو کی ایپلیکیشن کے ذریعے رجسٹر کرسکتے ہیں۔ سروس این ایس ڈبلیو کی ایپلیکیشن ایپل اور اینڈروئیڈ دونوں صارفین کے لئے موجود ہے۔
اس سے قبل ڈیجیٹل لائسنس سڈنی کے مشرقی علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر استعمال کیے جا رہے تھے اور اس سال اگست میں جاری کیے جانے تھے۔ اجراء میں تاخیر کے بعد کل انہیں جاری کر دیا گیا ہے جہاں اب ان کو پلاسٹک کارڈ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا۔
ڈیجیٹل لائسنس میں ڈرائیور کی تصویر اور تفصیلات کے ساتھ ایک کیو آر کوڈ بھی موجود ہے جو کہ تصدیق کے لیے سکین کیا جا سکتا ہے۔
تاہم سروس این ایس ڈبلیو کا کہنا ہے کہ مسائل سے بچنے کے لیے پلاسٹک کارڈ بھی ہمراہ رکھیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس وقت تک موبائل ہاتھ میں مت پکڑیں جب تک آفیسر آپ کو ایسا کرنے کو نہ کہے کیونکہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل کا استعمال غیر قانونی ہے۔
شئیر
