پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کا آغاز بائیس فروری سے دبئی میں ہو گیا ہے ۔خوش آئند بات یہ ہے کہ جہاں لیگ میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آتی جارہی ہے ،وہیں یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھولنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ گزشتہ برس اس لیگ کے دوسرے سیزن کے فائنل کا لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کامیاب انعقاد کیا گیا تو پاکستان کی سر زمین پر بین الاقوامی کرکٹ کے لیے سازگار محسوس کی جا سکی، جس کے بعد ورلڈ الیون اور پھر سری لنکا کی ٹیم نے بھی پاکستان کا رخ کیا۔ اور اب ایک بار پھر بین الاقوامی کھلاڑی اس لیگ کے زریعے پاکستان آرہے ہیں جہاں شہر کراچی میں اس تیسرے ایڈیشن کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کا آخری بین الاقوامی مقابله دوہزار نو میں سری لنکا سے ہوا تھا. جس کے بعد سے اسٹیڈیم ویران پڑا رہا اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث کھنڈر میں تبدیل ہونے لگا.تاہم پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کراچی کو ملی تو اس کی مرمت کام کا گذشتہ برس نومبر میں شروع کیا گیا جو تاحال جاری ہے اور امید یہ ہی ہے کہ یہ وقت پر اپنی تکمیل کو بھی پہنچ جائے گا۔.

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں نئی ٹیم ملتان سلطانز لیگ کا حصہ بنی ہے.جس سے لیگ میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے. قومی ٹیم میں شامل شاداب خان ،حسن علی، رومان رئیس اور فخر زمان سمیت دیگر کھلاڑی اس ہی لیگ کی دریافت سمجھے جاتے ہیں اور امید کی جارہی ہے کے اس ایڈیشن میں مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

پاکستان میں شائقین کرکٹ اپنے اپنے شہر کی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں.اب تک سیریز میں کھیلے جانے والے تقریبا تمام میچز ہی ٹوئٹر پر پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن رہے ہیں جس اندازہ لگایا جاسکتا ہے فینز اپنی اپنی ٹیموں کے لیے کتنا پر جوش ہیں.

پاکستان سپر لیگ کے اس ایڈیشن میں جہاں کئی نئے کھلاڑی اپنے کیرئیر کا آغاز کر رہے ہیں تو کئی لیجنڈز اپنے کیرئیر کے اختتام کریں گے.یہ اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان مصباح الحق کا آخری سیزن ہوگا جب کے شاہد آفریدی بھی رواں پی ایس ایل کو اپنا آخری سیزن قرار دے چکے ہیں. نامور انگلش کھلاڑی کیون پیڑسن نے بھی پی ایس ایل کے بعد کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ان تک اسلام اباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں لیگ کو جیتنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ تیسرے ایڈیشن کے سیمی فائنل لاہور میں اور پچیس مارچ کو کراچی میں کھیلے جانے کے بعد اس سیزن کا فاتح کون رہے گا۔
Contributor Zeeshan Ahmed - Picture courtesy is PSL
