روس میں پوری دنیا سے آئے ہوئے فینزکے چہرے اپنی پسندیدہ ٹیم کے رنگوں سے روشن ہیں۔
کوئی ڈرم بجا کر اپنی ٹیم کو داد دے رہا ہے، کوئی جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں مشہور ہونے والی ’ وُووُوزیلا‘ بجا کر اپنے ٹیم کے فینز کو اکھٹا کر رہا ہے۔
اس موقع پر موسکو کے ریڈ اسکوائر پر پاکستانی فینز نے جمع ہوکر پاکستان کے نعرے لگائے اور سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
پاکستانی فٹبال ٹیم دو ہزار اٹھارہ کےفیفا فٹبال ورلڈکپ میں تو شرکت نہیں کررہی لیکن فٹبال کے دیوانے پاکستانی نوجوان پہنچ گئے روس جہاں وہ اپنے ملک کے پرچم کو میچ کے دوران لہراتے ہوئے، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاکر دنیائے فٹبال میں پاکستان کے نام کومقبول کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔
پاکستان سے آئے ہوئے ایک فٹبال فین کا کہنا تھا کہ "ہم بہت خوش ہیں۔ ہم پاکستان سے ورلڈکپ دیکھنے آئے ہیں اور ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جو فٹبال میچ میں استعمال ہورہی ہے، وہ پاکستان میں بنی ہے"۔

Source: Twitter (@adidasfootball)
پاکستانی فٹبال فین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں سب کی اپنی اپنی فیورٹ ٹیم ہے۔
"ہر شخص پاکستان میں فٹبال میچ دیکھ رہا ہے۔ بڑے شوق سے لوگ فیفا ورلڈ کپ کو انجوائے کر رہے ہیں۔
سب کو اس بات پر بے حد فخر ہے کہ یہ فٹبال پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں بنی ہے"۔
ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ میں ٹورنامنٹ کی فٹبال ’ٹیلسٹار اٹھارہ‘ پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں بنائی گئی ہے۔ اس سے پہلے بھی دیگر بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹس میں پاکستانی فٹبال استعمال کی گئی ہے۔
مزید پڑھیئے۔