آسٹریلیا میں مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی رہائش پذیر ہے۔ یہ مسلمان نہ صرف آسٹریلین معاشرے میں مثبت اقدامات کے ذریعے بہتری لا رہے ہیں بلکہ ساتھ ہی اسلام کا ایک نرم اور خوبصورت تاثر بھی دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں ۔ مشن آف ہوپ گذشتہ 16 سال سے ایسے افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ’’ حسن کارکردگی ایوراڈ‘‘ منعقد کرتا ہے۔
اس ادارے کے زیر اہتمام رواں سال میلبرن میں منعقد تقریب میں آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں رہائش پذیر افراد نے شرکت کی ۔ رواں سال کی تقریب کا سب سے اہم جز اس موقع پر مسئلہ فلسطین کی اہمیت اور اس کے حل کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دینا تھا۔ تقریب میں موجود متعدد افراد بشمول گرینز کی سینٹر مہرین فاروق نے فلسطینی ’’کفایہ ‘‘ پہن کر تقریب میں شرکت کی ۔
تقریب میں شریک مندوبین کی جانب سے ’’ مشن آف ہوپ ‘‘ کے اس اقدام کی تعریف کی گئی ۔
سینٹر مہرین فاروقی نے اس موقع پر ویمن آف دی ائیر ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا ایوارڈ ان تمام مسلم خواتین کے نام کرنا چاہتی ہیں جو دنیا میں مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود حق کے راستے پر گامزن ہیں۔
کرکٹر عثمان خواجہ کو اسپورٹس مین آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے یہ ایوارڈ اپنی اہلیہ اور اہل خانہ کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر والے ان کے سب سے بڑے معاون ہیں ۔ عثمان نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ ہر انسان کی زندگی رنگ ، نسل ، مذہب اور ذات کے امتیاز سے بالاتر ہے۔
’’آسٹریلین مسلم ٹائیمز ‘‘( ) جسے پبلیکیشن آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل ہوا ، کی مدیرہ مبینہ احمد کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے کا مقصد غیر جانبدار رہتے ہوئے حالات حاضرہ کو من و عن پڑھنے والوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے ایوارڈ ملنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف وہ خود نہیں بلکہ ان کے گھر کے تمام افراد بشمول ان کے والدین اس ادارے کے لئے خود کو وقف کر چکے ہیں۔
آسٹریلین مین آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹر محمد جہانگیر جو ماہر امراض اطفال ہیں ان کا کہنا تھا کہ میرے آگے بڑھنے اور مسلم کمینونٹی کے لئے کام کرنے میں ، میرے اہل خانہ کی معاونت شامل ہے جن کی مدد کے بغیر میں کوئی رضاکارانہ کام انجام نہیں دے سکتا تھا۔
اس موقع پر آسٹریلین اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کو سال کا بہترین نیا ایونٹ منعقد کروانے پر ایوارڈ دیا گیا جبکہ ان کے ادارے کو بھی اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کے صدر ڈاکٹر محمد افضل کہلو کا کہنا تھا کہ درحقیقت ہمارے مذہب میں ایک انسانی جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے۔
آسٹریلیا۔انڈونیشیا مسلم ایکسچیج پروگرام کو بزنس آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا گیا ۔
اسلامو فوبیا کے خلاف آگاہی اور شعور بیدار کرنے پر ’’اسلاموفوبیا ریجسٹر آسٹریلیا ‘‘ کمیونٹی آگنائزیشن آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا گیا
_________________
پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: