آسٹریلیا میں کھیلوں میں تنوع اور ملٹی کلچرزم کے فروغ کی ایک نئی مثال قائیم ہوئی جہاں سڈنی کرکٹ گراوینڈ کی تاریخ میں پہلی بار عید الفطر کا تہوار منایا گیا، اذان دی گئی اورساتھ ہی لیجنڈری کرکٹرز وقار یونس اور بریٹ لی کے ساتھ فورم بھی منعقد ہوا۔ عید کے خصوصی پروگرام میں آسٹریلیا کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے عید جیسے تہوار کو کرکٹ گراؤنڈ کے ہال میں منعقد کرنے کو ملٹی کلچر آسٹریلیا اور کھیلوں میں ڈائیورسٹی کے فروغ کے لئے ایک تاریخی اور اہم موقع قرار دیا ۔
تقریب کے میزبان کامل خان نے ٹویٹر پر سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اس تقریب کے انعقاد کو مثبت اور تاریخی قدم قراردیا۔ کامل نے ایس سی جی میں پہلی بار عید الفطر کے جشن کے عشائیہ کی میزبانی کرنے کو اپنے لئے ایک بڑا اعزازقرار دیا ۔
مقررین نے کامل خان کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے اسے کھیلوں میں ملٹی کلچرزم اور ڈائیورسٹی کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا

عید الفطر کی تقریب میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نک ہاکلے بھی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ دنیا بھر کے معروف کرکٹرز اور کھیلوں کی معروف شخصیات کے ویڈیو پیغامات دکھائے گئے۔پیغامات بھیجنے والوں میں شعیب اختر، ہربھجن سنگھ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جنرل منیجر وسیم خاں سمیت کئی ممتاز افراد بھی شامل تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نکِ ہاکلی اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عید جیسے تہوار کا سڈنی کے تاریخی کرکٹ گراؤند میں انعقاد کھیلوں میں تنوع کے
مثبت قدم کو اجاگر کرتا ہے۔ اس تقریب میں عشا کی اذان دی گئی اور روڈ حادثے میں ہلاک ہونے والے سابق آسٹریلین کرکٹر اینڈریو سائیمنڈز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پینل ڈسکشن کا سیشن حاضرین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا جس میں بات کرتے ہوئے پاکستانی لیجنڈری کرکٹر وقار یونس اور آسٹریلین سابق کرکٹر بریٹ لی نے اپنے کرکٹ سے کمنٹری تک کے سفر کے تجربے کا ذکر کیا۔ دونون لیجنڈری کھلاڑیوں نے اپنے دور کے بہترین اور یادگار میچز کا ذکر کیا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کمنٹری کرتے وقت ایک کپتان کی نظر سے ہر کھلاڑی کی کارکردگی پر نظر رکھتے ہوئے تبصرہ کرتے ہیں۔ بریٹ لی رواں تبصرے کو ایک مختلف تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روان تبصرہ اور تجزیہ کرتے وقت وہ کھیل کے ہر پہلو پر نظر رکھ سکتے ہیں جو خود میدان میں کھیلتے ہوئے ممکن نہیں ہوتا ۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے انگلش کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ لندن کے معروف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پہلی افطار ڈنر کا اہتمام کیا تھا جس میں دیگر مہمانوں کے ساتھ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان آئن مورگن بھی شریک تھے۔
پوڈکاسٹ اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے
Spotify Podcast, Apple Podcasts, Google Podcast, Stitcher Podcast
- کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک بنائیں یا ایس بی ایس اردو کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔
- اردو پروگرام ہر بدھ اور اتوار کو شام 6 بجے (آسٹریلین شرقی ٹائیم) پر نشر کیا جاتا ہے