میٹھے کے بغیر عید الفطر ادھوری سمجھی جاتی ہے اور اس لیے اسے میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے. نماز عید کی ادائیگی سے پہلے یا فوری بعد میٹھا کھانا پاکستان میں ایک مقبول روایت بن چکی ہے۔ عید الفطر یا پھر میٹھی عید پر مٹھاس کیلئے سویاں ہی کھائی جاتی ہیں . اس لیے ویسے کبھی سویاں پورا سال گھر بنیں یا نہ بنیں لیکن یہ ممکن ہی نہیں کہ عید کے دن کا آغاز سویوں کے بغیر ہو.

سویاں پکانا شائید اتنا مشکل نہ ہو لیکن فیکٹیریوں میں ان کی تیاری ایک مشکل ترین مرحلہ ضرور ہے. سویاں جنہیں سیویاں بھی کہا جاتا ہے کہیں سوجی تو کہیں میدے سے تیار کی جاتی ہیں. جیسے جیسے عید کے دن قریب آتے ہیں تو اس کی مانگ کی وجہ سے سویوں کی تیاری میں بھی تیزی آجاتی ہے. یہ کام رمضان کے آخری دس دنوں میں اپنے عروج پر ہوتا ہے۔
لاہور کا صنعتی اور کاروباری علاقہ بادامی باغ لچھے دار سویوں کی تیاری کا گڑھ کہلاتا ہے جہاں سویاں بنانے والی کئی چھوٹی اور بڑی فیکٹریاں ہیں. یہاں سے تیار ہونے والی سویاں پنجاب کے مختلف شہروں میں بھیجی جاتی ہیں.

ان فیکڑیوں میں کم سے کم آٹھ سے دس ملازمین ہوتے ہیں. ان ملازمین کے بقول سویاں مکمل تیار ہونے میں 22 سے 24 گھنٹے لگ جاتے ہیں. ایس بی ایس اردو نے ایک فیکٹری کے ٹھیکیدار مبارک علی سے گفتگو کی ہے تو انہوں نے بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر سویوں کی مانگ دگنی ہو جاتی ہے اور اسی وجہ سے دن رات کام کرنا پڑتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مقدار میں سویاں تیار کی جا سکیں. ٹھیکیدار کے مطابق سویوں کی مانگ پوری کرنے کے لیے فیکٹری میں ہی سونا پڑتا ہے ۔

ٹھیکیدار مبارک علی نے سویوں کی تیاری کے بارے میں بتایا کہ سب سے پہلے میدے کو پانی میں ملایا جاتا ہے اور پھر ایک خاص مشین کے ذریعے سویوں کی شکل دی جاتی ہے۔
مبارک علی نے بتایا کہ مشین سے نکلنے کے بعد سویوں کو خشک ہونے کے لیے ڈنڈے پر چڑھا کر چھتوں سے لٹکا کر کھلے آسمان تلے ڈال دیا جاتا ہے. سویوں کو خشک ہونے میں لگ بھگ بارہ گھنٹے لگ جاتے ہیں اور پھر اگلے مرحلے میں سویوں کو ڈنڈوں سے اتارکر ٹین کے ڈبوں میں بند کرکے پکنے کے لیے بھٹی میں رکھ دیا جاتا ہے اور اس مرحلے کے مکمل ہونے میں بارہ گھنٹے لگتے ہیں. مبارک علی نے نشاندہی کی کہ سویاں بنانے کا کام آسان نہیں ہے بلکہ گرمی کے دنوں میں زیادہ دشوار ہو جاتا ہے کیونکہ بھٹی کی تپش کام کو مشکل بنا دیتی ہے

سویوں کی فیکڑی کے ٹھیکیدار نے تسلیم کیا کہ عالمی وبا کورونا کی وجہ سے کاروبار بھی کسی حد تک مندی کا شکار ہے لیکن عید کی وجہ سے اس کی مانگ بڑھ جاتی ہے اور اس وجہ سے ان دنوں فیکڑیوں میں دن رات کام ہو رہا ہے تا کہ سویاں اور شیِر خورمہ بروقت آپ کے دسترخوان پر پہنچ سکے۔

بشکریہ : انس سعید ۔ پاکستان
کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک بنائیں یا ایس بی ایس اردو کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔
- اردو پروگرام ہر بدھ اور اتوار کو شام 6 بجے (آسٹریلین شرقی ٹائیم) پر نشر کیا جاتا ہے
- اردو پروگرام سننے کے طریقے
- کوویڈ 19 اردو میں تازہ ترین خبریں
