تہوار کسی بھی نوعیت کے ہوں ، لوگوں کو ان کی پسند کے مطابق تحائف دینا ایک پرانی روایت ہے ۔ اس روایت میں ایک نئی جدت شامل ہوگئی ہے ۔ اب لوگ کسی کو تحفہ دیتے وقت اس میں اپنا ذاتی رنگ بھی پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اس طرح تحفہ لینے والا ان کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے۔ اس جدت اور روایت کے امتزاج کو مد نظر رکھتے ہوئے کچھ پاکستانی خواتین گھر بیٹھے صارف کی پسند کے مطابق منفرد اور انوکھی مصنوعات آن لائن فروخت کر رہی ہیں ۔ میلبرن کی رہائشی تسمیہ علی خان بھی ایک ایسی خاتون ہیں جو صارفین کو ان کی پسند اور ذوق کے مطابق آن لائن زیورات فروخت کرتی ہیں ۔ تسمیہ کا کہنا ہے کہ عالمی وبا اور لاک ڈاون کے باعث تنہائی کا شکار ہونے پر انہوں نے یہ کاروبار شروع کیا اور لوگوں کی جانب سے مثبت رد عمل نے ان کی ہمت بڑھائی ۔
تسمیہ کہتی ہیں کہ لوگوں کی جانب سے آرڈرز کی بڑی تعداد تہواروں کی مناسبت سے ہوتی ہے ۔
" جس طرح گذشتہ سال کرسمس پر مغربی طرز کی جیولری کی طلب زیادہ تھی اس وقت ایسٹر کے موقع پر بھی صارفین مغربی جیولری ہی طلب کر رہے ہیں "

تسمیہ کہتی ہیں کہ ان کے صارفین میں فلپائن، انڈونیشیا اور ملائشیا سمیت دیگر کئی ممالک کے افراد شامل ہیں ۔ جو زیادہ تر جدید طرز کے زیورات پسند کرتے ہیں ، جبکہ پاکستان اور بھارت کے صارفین برصغیر پاک و ہند کی روایتی طرز کی جیولری زیادہ خریدتے ہیں ۔

دوسری طرف میلبرن کی ہی رہائشی خدیجہ ڈھوڈیا کسٹمائزڈ گفٹس اور پرسنلائزڈ پیکنگ کا آن لائن کاروبار کرتی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کاروبار انہوں نے ذاتی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنایا۔ خدیجہ نے بتایا کہ کسی کو تحفہ دیتے ہوئے ان کی اپنی کوشش ہوتی ہے کہ اس تحفے سے ان کی ذاتی وابستگی نظر آئے ۔ یہی بات ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے ایسے افراد کے لئے کاروبار کا آغاز کیا جوخصوصی تحائف اور ذاتی پسند پر مبنی پیکنگ کو ترجیح دیتے ہیں ۔ خدیجہ کہتی ہیں کہ ان کی مصنوعات اور پیکنگ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ صارف کی پسند کے ساتھ اس کے بجٹ کا بھی پورا خیال رکھتی ہیں ۔
"پرسنلائزڈ مصنوعات اور خصوصی تحائف کا کوئی خاص سیزن نہیں ہوتا "
خدیجہ کا کہنا ہے کہ یوں تو پرسنلائزڈ مصنوعات بطور تحفہ دینے کا کوئی خاص وقت نہیں ہوتا لیکن کوئی بھی اہم تہوار یا موقع جیسے کہ سالگرہ ، ایسٹر یا عید ایسی مصنوعات کی طلب میں اضافہ کرتی ہیں جو آسٹریلین ثقافت سے منسلک ہیں جیسا کہ کافی جارز ۔خدیجہ کا کہنا ہے کہ ان کے پیک کئے گئے کسٹمائزڈ کافی مصنوعات لوگوں میں منفرد اور خوبصورت پیکنگ کے ساتھ بجٹ میں بہترین ہونے کے باعث بہت مقبول ہیں ۔



