Key Points
- پاکستان کے فائیٹر شاہ زیب رند نے بھارتی کھلاڑیوں کو بیس سیکنڈ میں چت کر دیا
- نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے دی
- پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف اچانک کرکٹ سے الگ ہوگئیں
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے پاکستانی فائیٹر کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ کے 145 کلو گرام کیٹیگری مقابلوں میں پاکستان کے شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 20 سیکنڈ میں مات دی ۔ شاہ زیب نے فائٹ شروع ہوتے ہی لاتوں اور مکوں کے وار کیے جس کے بعد بھارتی کھلاڑی دوبارہ کھیل میں نہ آسکے جس پر انہیں ریفری نے ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار دے دیا۔ ایس بی ایس اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ زیب رند نے بتایا کہ دبئی میں میری فائٹ بہت زبردست رہی اور یقیناً ایک تاریخی فائٹ تھی یہ میرے کیریئر کی سب سے بڑی فائٹ تھی اور اللہ کا شکر کرتا ہوں میں نے اس اہم مقابلے میں کامیابی حاصل کی جہاں میں فائٹ کر رہا تھا وہاں بالی ووڈ سٹار سلمان خان فرنٹ رو میں بیٹھے ہوئے تھے، وہ بہت غور سے میری فائٹس دیکھ رہے تھے اور انھوں نے مجھے بےحد موٹیویٹ کیا اور کامیابی پر مبارکباد بھی دی میری اگلی فائٹ جون میں ہے اور اس کے بعد ایک فائٹ اگست میں شیڈول ہے پاکستان اور انڈیا کے مابین مزید فائٹس بھی ہونی چاہیے ہیں اور میں ہمیشہ امن کا پیغام دیتا ہوں، انڈین فائٹرز بہت خوش ہوئے اور انڈین میڈیا نے بھی میرے اس عمل کو بہت سراہا، اس طرح کے مقابلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں
نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی ۔ پانچ میچوں کی سیریز میں اب تک نیوزی لینڈ دو جبکہ پاکستان ٹیم ایک میچ جیت سکی ہے ۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ ٹم رابنسن نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عباس آفریدی نے تین ، محمد عامر ، اسامہ میر ، زمان خان اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے بیٹر فخرزمان نے 61 , اوپنر صائم ایوب نے 20 اور اسپنر عماد وسیم نے 22 رنز سکور کیے پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ ہم نے بہت غلطیاں کیں ہمارا اسٹارٹ اچھا نہیں تھا مجھے اور افتخار احمد کو میچ فنش کرنا چاہیے تھا مین کھلاڑی نہیں کھیلتے تو فرق پڑتا ہے ہمارا گول ورلڈ کپ ہے اس کے لئے روٹیشن پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے ۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔ انہوں نے 6,262 رنز بنائے اپنے ویڈیو پیغام میں بسمہ معروف نے بتایا کہ یہ ایک لمبا سفر تھا، اچھا اور برا وقت دونوں دیکھے اور کافی چیلنجز بھی دیکھے، میرے خیال سے کرکٹ نے ایک بہت اچھا انسان بنایا، زندگی کو سمجھنے میں بھی اس سفر نے بہت کچھ سکھایا جو گھر بیٹھ کر میں نہیں سیکھ پاتی میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں پاکستان کی طرف سے کھیلی کرکٹ زندگی کا ایک حصہ ہے مکمل زندگی نہیں ہے، زندگی میں سب چیزیں ساتھ لے کر چلنی پڑتی ہیں ماں بننے کے بعد بہت ہی اچھے فینز ملے ہیں، مجھے اور میری بیٹی فاطمہ کو پوری دنیا سے ہی بہت پیار ملا.
رپورٹ :انس سعید