پاکستان سپر لیگ میں آج تمام ٹیمیں آرام کر رہی ہیں ٹورنامنٹ کے نوویں ایڈیشن کے سولہ میچز مکمل ہوگئے ہیں ۔ اب تک کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز دس پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے ،پشاور زلمی تیسرے،اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے کراچی کنگز پانچویں جبکہ لاہور قلندرز سب سے آخری چھٹے نمبر پر موجود ہے ۔
گزشتہ روز کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان سنسنی خیز میچ کھیلا گیا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 166 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر ابرار احمد جہنوں نے کراچی کنگز کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا پوسٹ میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انجری کے بعد کرکٹ میں واپس آیا ہوں اس طرح کی پرفارمنس سے حوصلہ ملتا ہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پہلی بار کھیل رہا ہوں ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے محنت کر رہا ہوں اگرآئندہ ورلڈ کپ کے لیے موقع ملا تو پرفارمنس دوں گا ۔

پی ایس ایل کے لگاتار دو ٹائٹلز جیتنے کے بعد لاہور قلندرز نے فینز کو ایک بار پھر مایوس کر دیا دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک نوویں ایڈیشن میں ایک بھی کامیابی نہ حاصل کر سکی چھ میچز میں مسلسل شکست کے بعد لاہور قلندرز کے سپر فور میں پہنچنے کے امکانات ختم ہو چکے ہیں۔
لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت پہلی جیت کا انتظار کر رہے ہیں کھیل پرائیڈ کے لیے کھیلا جاتا ہے کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ فینز مایوس نہ ہوں ٹاپ آرڈر میں کسی ایک کو رنز کرنے کی ضرورت ہے چھ میچز ہارنا اگر کمال ہے تو لگاتار چار میچز جیتنے میں بھی کمال ہو سکتا ہے بیٹنگ آرڈر میں توازن لانے کے لیے عبداللہ شفیق کو موقع نہیں مل سکا ہم انہیں چوتھے نمبر پر کھلانا چاہتے تھے اس سیزن میں ہماری اسٹرنتھ ہماری کمزوری بن گئی ہے۔
ٹینس اسٹار اعصام الحق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے ہیں وہ چار سال کے لیے فیڈریشن کی صدارت کریں گے اعصام الحق ٹینس فیڈریشن کے عہدے پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل سطح پر ٹینس بھی کھیلیں گے۔
ایس بی ایس اردو سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے بتایا کہ ٹینس پلیئر ہونے کے طور پر پاکستان کا نام روشن کیا اور ا ب کوشش ہوگی کہ پریزیڈنٹ بن کے پاکستان میں ٹینس کو فروغ دوں تاکہ جن مشکلات کا سامنا مجھے کرنا پڑا وہ نئے آنے والے کھلاڑیوں کو نہ کرنا پڑے ہر کھیل کا یہی حال ہے ہمارے کرکٹرز کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے، جتنی عزت ان کو دی جا رہی ہے وہ اس سے زیادہ کے حقدار ہیں اس کو بدلنا ہے، پلیئرزکی عزت اور قدر کرنی چاہیے جب ان کو لگے گا کہ ہمارا پریزیڈنٹ اور فیڈریشن ہمارے لیے کام کررہی ہے ان کے نتائج خود بہتر ہونا شروع ہو جائیں گے، فیڈریشن میں آکر کھلاڑیوں کے وظیفے اور پرائز منی بڑھانی ہے۔
اعصام الحق نے کہا کہ آسٹریلیا اوپن ڈبلز جیتنے پر بھارتی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا کے لیے بہت فخر محسوس کرتا ہوں میں نے اس کو اور اسکی فیملی کو کال کیا اور میرے والدین نے روہن کے والدین سے بات کی اور مبارکباد دی.
(رپورٹ: انس سعید)



