بحرالکاہل کے ایک چھوٹے سے ملک تووالو کی ایک تہائی سے زائد آبادی نے آسٹریلیا ہجرت کے لیے ایک تاریخی موسمیاتی ویزا کے لیے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ تووالو ایک ایسا ہے ملک جس کے بارے میں سائنسدانوں کی پیشگوئی ہے کہ سمندر کی بلند ہوتی سطح کے باعث ڈوب جائے گا۔
یہ ویزا دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اس جزیرہ نما ملک کی مدد کرنا ہے۔
کچھ عرصے سے سائنسدانوں کو یہ خدشہ ہے کہ بحرالکاہل کا چھوٹا سا جزیرہ ملک تووالو آئندہ 80 سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے رہائش کے قابل نہیں رہے گا۔
ناسا کے سائنسدانوں کی پیشگوئی ہے کہ 2050 تک روزانہ کی مد و جزر تووالو کے مرکزی ایٹول، فُنافُوتی، کا نصف حصہ ڈبو دے گی، جہاں ملک کی 60 فیصد آبادی رہتی ہے، اور جہاں لوگ بمشکل 20 میٹر چوڑی زمینی پٹی پر آباد ہیں۔





