پاکستان ویلفئیر آرگنائزیشن ان آسٹریلیا کے سید عباس نے ایس بی ایس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وکٹوریا کے پارلیمان میں 3 اگست کو جشن آزادی کی ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ تقریب کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے کہا کہ تقریب میں نو سے دس پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی اور ہر پارٹی کی نمائندگی موجود رہی۔
کرونا کی پابندیوں کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس دفعہ ویسی تقریبات کا انعقاد نہیں ہو پایا جیسے کرونا سے پہلے ہوتا آیا ہے لیکن اس کے باوجود تھوڑے وقت میں اور 14 اگست آنے سے پہلے ہی تقریب رکھ لی گئی اور جشن آزادی کو منایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی رکھی گئی تھی۔

پاکستان آسٹریلیا ایسوسی ایشن کی شفق جعفری کا کہناتھا کہ ان کی تقریبات اس دفعہ نیو ساوتھ ویلز میں لگنے والے لاک ڈاون کی وجہ سے آن لائن ہی ہو پائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 گست کے قریب آتے ہی ہر پاکستانی کو خواہش ہوتی ہے کہ وہ زور وشور سے پاکستان کا جشن آزادی منا سکیں لیکن اس دفعہ چونکہ حکومت کی جانب سے پابندیاں ہیں اس لیے تقریبات تو ممکن نہیں ہیں۔
دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی وجہ سے دفعہ ویسے بھی تقریبات کو سادگی سے منانے کا ارادہ کیا گیا تھا لیکن اب تو زوم کے ذریعے ہی جشن آزادی منایا جائے گا اور اسے فیس بک کے ذریعے لوگوں تک لائیو دکھایا جائے گا۔
پاکستان کمیونٹی ان آسٹریلیا کے دانش نقاش کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ کوئینزلینڈ میں موجود ہیں لیکن کرونا کی بنتی بگڑتی صورت حال میں انہوں نے آن لائن گیم شو کا اہتمام کیا ہے۔ اس بارے میں مزید بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گیم شو کا مقصد لوگوں کو پاکستان کے بارے میں معلومات دینے اور نئی نسل میں پاکستان کے بارے شعور اجاگر کرنے کے لیے ہے۔

دانش نے ایس بی ایس کو مزید بتایا کہ حالات اگر بہتر ہوتے اور کرونا کی پابندیاں نا ہوتیں تو ان تقریبات اور گیم شو کو ایک بڑی تقریب کی صورت میں کرنے کا ارادہ تھا لیکن اس وقت حالات کی وجہ سے اسے آن لائن کیا گیا ہے۔
وکٹورین پارلیمنٹری فرینڈز آف پاکستان کے رانا شاہد کا کہنا تھا کہ وکٹورین پارلیمنٹری فرینڈز آف پاکستان اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے زیر اہتمام وکٹوریا کی پارلیمان میں 17 اگست کو تقریبا کمیونٹی کے پچیس افراد کی موجودگی میں تقریب منائی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیک کاٹنے کے علاوہ وکٹورین پارلیمان میں پاکستانی کمیونٹی کے بارے میں ایک پریزنٹیشن بھی دی جائے گی۔
- پوڈ کاسٹ سننے کے لئے اوپر دئے آڈیو آئیکون پر کلک کیجئے
- یا پھرنیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے
- Spotify Podcast, Apple Podcasts, Google Podcast, Stitcher Podcast
- کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک بنائیں یا ایس بی ایس اردو کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔
- اردو پروگرام ہر بدھ اور اتوار کو شام 6 بجے (آسٹریلین شرقی ٹائیم) پر نشر کیا جاتا ہے




