بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ۔پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ تازہ رینکنگ میں پاکستان پہلے ، آسٹریلیا دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دے کر پاکستان ٹیم پہلی پوزیشن پر آئی پاکستان کو پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے آخری اور پانچویں میچ کو بھی جیتنا ہوگا آئی سی سی رینکنگ کی باضابطہ شروعات کے بعد پاکستان پہلی بار ٹاپ پر آیا ہے آفیشل رینکنگ کے آغاز سے قبل پاکستان آخری مرتبہ اگست 1991 میں ٹاپ پر تھا آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کا باقائدہ اجرا سال 2002 میں ہوا تھا ۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے۔ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔مجھے اس ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔

پاکستان کرکٹ کو چھوڑ کر امریکہ منتقل ہونے والے ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے مسلسل موقع نہ ملنے پر ایک بار پھر کرکٹ بورڈ سے شکوہ کر ڈالا کہتے ہیں امریکہ کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا لیکن جب دیکھا کہ بہت سی سیریز گزر گئیں کارکردگی کے باوجود اپنے ہی ملک میں موقع نہیں دیا جا رہا تو پھر اپنے بہتر مستقبل کے لیے ٹھنڈے دماغ سے سوچ کر معاہدے کو قبول کر لیا سمیع اسلم نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز اچھا تھا لیکن پھر بار بار ڈراپ کیا گیا جس کا افسوس ہے بابراعظم کو بھی شروع میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن ان کو موقعے ملتے رہے 27 سالہ لیفٹ ہینڈ اوپننگ بیٹر سمیع اسلم نے پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ اور چار ون ڈے میچز کھیلے اپنے کیرئیر کے آغاز کے چند سال بعد ہی ان کو سلیکشن کمیٹی کی جانب سے نظر انداز کیا گیا ۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کنسلٹنٹ رولنٹ الٹمینز نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے رولنٹ الٹمینز کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ وقت کم ہے، جونئیر ایشیاء کپ میں اچھے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو بہتر کرنا پہلا مقصد ہے اس وقت تمام تر توجہ جونئیر ایشیاء کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مرکوز ہے جس شعبے کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس پر کام کریں گے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں ماہ عمان میں ہونے والے جونیئر ایشیا کپ کے لیئے ڈچ کوچ رولنٹ الٹمینز کی بطور کنسلٹنٹ تقرری کی ہے۔



