آسٹریلیا کے وفاقی انتخابات میں پہلی بار ووٹ ڈالنے والے حسن معاب سید کہتے ہیں کہ یہاں کے جمہوری عمل میں ووٹ کی اصل طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایس بی ایس سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں انتخابات سے قبل عبوری حکومت کی تشکیل اور بروقت شفاف انتخابات کی بدولت ہی ایک منظم اور عوام دوست حکومت تشکیل پاتی ہے۔
میلبرن کے رہائشی پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہ آئی ٹی پروفیشنل کہتے ہیں کہ یہاں کا عبوری حکومت کا نظام حقیقت میں قبل از انتخاب دھاندلی کی راہ کو روکتا ہے اور وہ انتخابی عمل کا حصہ بننے پر خاصا بہتر محسوس کرتے ہیں۔

دوسری جانب سڈنی کے رہائشی ناصر نواز جو پاکستان میں متعدد بار اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں آسٹریلیا میں پہلی بار وفاقی انتخابات کا حصہ بن رہی ہیں ، جن کا خیال ہے کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے اور جو لوگ حق رائے دہی استعمال نہ کریں انہیں تنقید کا حق بھی نہیں ہے ۔

آسٹریلیا کی اردو بولنے والی کمیونٹی جن مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ووٹ دینے کا ارادہ کر رہی ہے اس میں مکانات کی قلت ، ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتیں اور عام شہریوں کو درپیش مسائل شامل ہیں۔





