پاکستان اور ایران کے مابین سرحد پار کشیدگی سے خطے میں بدامنی پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے پاکستانی سرزمین کے اندر میزائل داغے جانے کے بعد گزشتہ روز پاکستان نے ایرانی سرزمین کے اندر جوابی کارروائی کی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستان کے اندار کی گئی کارروائی میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے جوابی کارروائی کے دوران ایران کے اندر بلوچ علیحدگی پسندوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سابق سی آئی اے اہلکار کے بقول اس قسم کی سرحد پار کارروائیاں غیر معمولی ہیں۔
غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری کے بعد وہاں کے ایک بڑے ناصر ہسپتال سے عملہ اور مریض جان بچا کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس بمباری سے بے گھر ہونے والے ایک فلسطینی عینی شاہد نے بتایا کہ شدید بمباری نے ہر طرف شدید خوف و حراس تاری کر رکھا ہے۔ اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ حماس کے جنگجو اس ہسپتال کو اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ غزہ میں اس ہسپتال کی انتظامیہ نے اس دعویٰ کو مسترد کیا ہے۔
بین الاقوامی توانای ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود آئل مارکیٹ میں رواں برس صورتحال متوازن حالت میں رہنے کا امکان ہے۔ IAEA کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر فتح بیرول نے ورلڈ اکانومک فورم کے دوران کہا کہ بحر احمر میں حوثی باغیوں کے حملوں اور دیگر عوامل کا تیل کی قیمتوں پر اثر خاصا معمولی ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساوتھ ویلز میں سوشل ہاوسنگ میں رہنے والے ہزاروں افراد کے لیے ایک 200 ملین ڈالرز کے مراعاتی پیکج کے اطلاق سے ان پر مہنگائی کے دباو میں کمی کی امید ہے۔ اس پیکج کے تحت مستحق افرادہیٹنگ، کولنگ اور سولر پینلز کی تنصیب کے لیے مالی تعاون حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب پراپرٹی ریسرچ گروپSuburbtrends نے اپنی حالیہ رپورٹ میں نشاندہی کی ہے کہ کرائے میں اضافے نے ملک بھگر میں قریب تمام مضافاتی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔
آسٹریلوی حکام نے تمباکو کے غیر قانونی استعمال کے خلاف دائرہ مزید تنگ کرنے کے لیے مزید 188.5 ملین ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلین بارڈر فورس کی سربراہی میں تمام خطوں، ریاستوں اور سرحدوں پر تمباکو کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ نیشنل پارٹی کے رہنما ڈیوڈ لٹل پراوڈ نے اس اقدام کو سراہا ہے۔
آسٹریلیا میں نظام تنفس کی ایک بیماری سے بچاو کی ایک نئی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ RSV نامی یہ بیماری ویسے تو بچوں میں پائی جاتی ہے تاہم گزشتہ برس قریب 25 ہزار بزرگ شہری بھی اس سے متاثر ہوئے تھے۔
ملیبورن میں جاری آسٹریلین اوپن کے دوران جمعرات کی شب ایک غیر معمولی طویل مقابلے میں روس کے ڈینل میدویدیف نے فن لینڈ کے ایمل روسووری کو چار گھنٹے اور 23 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں شکست دی۔