پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کی فضا کا اثر ان دونوں ممالک سے تعلق رکھنے افراد پر دنیا بھر میں پڑ رہا ہے لیکن آسٹریلیا میں دو خواتین دوست ایسے وقت میں اخوت اور دوستی کی ضرورت اجاگر کر رہی ہیں۔ ایمن جعفری اور ریتو شرما کا کہنا ہے کہ محبتیں بانٹنے کا وقت ہے نا کہ نفرت اور دوریاں۔ ایس بی ایس اردو سے بات چیت میں انہوں نے کہا ان کے عزیز و اقارب بھارت اور پاکستان میں کشیدگی سے خاصے پریشان ہیں۔
ایمن کو آج صبح ریتو کا پیغام ملا جس میں اظہار محبت اور ہمدردی کے ساتھ ساتھ پاک بھارت کشیدگی پر افسوس کا اظہار شامل تھا۔

ریتو کہتی ہیں کہ سرحد پار کشیدگی کی فضا دیکھ کر انہیں فوری اپنی پاکستانی دوست ایمن کا خیال آیا
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی میں دونوں ممالک کی جانب سے مختلف دعوے کیے جارہے ہیں اور بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات مل رہی ہیں تاہم ریتو اور ایمن کہتی ہیں کہ محاذ آرائی محض تباہی کا باعث ہے اور اسے جلد ختم ہونا چاہیے۔
پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والی ایمن اور ریتو آسٹریلیا میں مائیگرنٹ کمیونٹی کے لیے مختلف خدمات سرانجام دیتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔




