اولا حماد کے والدین 1970 کی دہائی میں لبنان کی خانہ جنگی سے بچنے کے لیے آسٹریلیا آئے تھے۔آج اولا آسٹریلیا کی متنوع ترین کونسلوں میں شمار ہونے والی کمبرلینڈ سٹی کونسل کی مئیر ہیں۔ کمبرلینڈ میں 150 سے زائد ممالک، 25 مذاہب اور تقریباً ڈھائی لاکھ افراد کی نمائندگی موجود ہے۔ کمبرلینڈ سٹی کونسل کی مئیر اولا حماد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی تعمیر کثیرالثقافتی معاشرے نے کی ہے اور یہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے.
سنہ ستّر کی دہائی میں لبنان سے ہجرت کرکے آنے والے مسلم والدین کی آسٹریلیا میں پیدا ہونے والی اولا ہجرت کے مسائلسے اچھی طرح واقف ہیں اور آسٹریلیا کے ایک بڑے ملٹی کلچرل سٹی کی مئیر کی حیثیت سے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اولا کا کہنا ہے کہ مختلف ثقافتیں، زبانیں اور پس منظر رکھنے ولے تارکین وطن نے آسٹریلیا کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا ہے۔
کمبرلینڈ سٹی کونسل کی مئیر اولا حماد کا کہنا ہے کہ کثیرالثقافتی معاشرہ آسٹریلیا کی شناخت کا بنیادی حصہ ہے۔ان کے مطابق مختلف ثقافتوں، زبانوں اور کھانوں نے آسٹریلوی معاشرے کو مزید رنگارنگ اور مضبوط بنایا ہے۔ وہ سمجھتی ہیں کہ مونوکلچر نہ تو حقیقت ہے اور نہ ہی آسٹریلیا کے لیے کامیاب ماڈل۔







