اسپین ارجنٹینا کو ہرا کر فٹبال کا عالمی چمپئین بن گیا۔ ۔رائل آسٹریلین ایئر فورس کی سب سے بڑی بین الاقوامی مشقیں، ایران اور امریکہ کے ایک دوسرے پر حملے جاری۔ اسلامو فوبیا کے تدارک کے لیے پیش کی گئی چون اہم سفارشات میں سے حکومت نے پینتیس سفارشات کو قبول کر لیا ہے۔
۔رائل آسٹریلین ایئر فورس کی سب سے بڑی بین الاقوامی مشقیں شمالی علاقہ (ناردرن ٹیریٹری) میں جاری ہیں یہ مشقیں آئندہ تین ہفتوں تک جاری رہے گی۔ پچ بلیک نامی مشقوں میں ایک سو طیارے اور اکیس اتحادی اور شراکت دار ممالک کے اہلکار شریک ہیں، جبکہ اس کا مرکز ڈارون ہے۔

وزیر خارجہ پینی وونگ فلپائن کا دورہ کریں گی، جہاں وہ ایسٹ ایشیا سمٹ وزرائے خارجہ اجلاس اور آسیان ریجنل فورم میں شرکت کریں گی۔اپنے ایک بیان میں وزیر وونگ نے کہا ہے کہ توانائی کا تحفظ، سپلائی چین کی مضبوطی اور طویل مدتی معاشی خوشحالی اجلاس کے اہم ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
ون نیشن کی رہنما پالین ہینسن نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے کہ اگر ان کی جماعت حکومت میں آئی تو وہ غیر یورپی ممالک سے آسٹریلیا آنے والی ہجرت پر پابندی کی پالیسی دوبارہ نافذ کرے گی۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران نے مغربی صوبے لرستان سے ان اہداف کی جانب میزائلوں کی نئی لہر داغی ہے جنہیں اس نے دشمن کے اہداف قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا میں اسلامو فوبیا سے متعلق تاریخی رپورٹ جاری ہونے کے دس ماہ بعد وفاقی حکومت نے بالآخر اس پر اپنا ردِعمل پیش کر دیا ہے۔
اسلامو فوبیا کے تدارک کے لیے خصوصی ایلچی آفتاب ملک کی جانب سے پیش کی گئی چون اہم سفارشات میں سے حکومت نے پینتیس سفارشات کو قبول کر لیا ہے۔
جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے علاقے ڈارخوین میں زیرِ تعمیر مجوزہ جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر رات گئے ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے
اسپین نے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کو اضافی وقت میں کیے گئے واحد گول کی بدولت شکست دے کر عالمی چمپئین کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔نیکو ولیمز نے پورو کی بلند کراس کو ہیڈر کے ذریعے دوبارہ باکس کے وسط میں پہنچایا، جہاں فیران ٹوریس نے قریب سے طاقتور شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو ارجنٹینا کے گول میں پہنچا دیا۔



