آسٹریلیا کے وزیر خزانہ جم چالمرز نے کہا ہے کہ ایران بحران کے اثرات ملکی معیشت پر نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتیں مہنگائی میں اضافہ کریں گی اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کریں گی، جبکہ روزگار کے مواقع بھی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ حکومت آئندہ بجٹ میں اخراجات کو متوازن رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، خاص طور پر بڑے فلاحی پروگرامز کے اخراجات پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر علاقائی رہنماؤں سے بات چیت کی، جس میں جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا گیا۔ پینی وونگ نے کہا کہ عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آبناےٗ ہرمزکودوبارہ کھولا جا سکے اور عالمی سپلائی چین محفوظ بنائی جا سکے۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت کمزور معاہدہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ دباؤ اس وقت تک برقرار رہے گا، جب تک ایک مضبوط اور قابل قبول ڈیل سامنے نہیں آتی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے غیر حقیقت پسندانہ مطالبات جاری رکھے تو ایران سخت اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
کینیا میں برطانوی فوجی اڈے کے قریب پیدا ہونے والے بچوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کئی برطانوی فوجیوں کو ان بچوں کا والد قرار دیا گیا ہے۔اس پیش رفت کے بعد ان بچوں کے لیے برطانوی شہریت اور مالی معاونت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، جبکہ یہ معاملہ انسانی حقوق کے تناظر میں عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔




