پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں ایک فلاحی ادارہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ای ڈی وینٹیج ڈیجیٹل لرننگ سسٹم (EDLS) ایک ڈیجیٹلی آپریٹڈ ون روم اسکول ہاؤسز (DOORS) نیٹ ورک منصوبہ ہے،ایڈیلیڈ میں مقیم فیصل بن بدر اس فلاحی ادارے کے سربراہ ہیں جن کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل کم وسائل میں بچوں کی تعلیم میں ان کے والدین کی شمولیت کو یقینی بناتا ہے، تفصیل جانئے اس پوڈ کاسٹ میں۔
ایڈ وانٹیج ڈیجیٹل لرننگ سسٹم (EDLS) ایک ڈیجیٹلی آپریٹڈ ون روم اسکول ہاؤسز (DOORS) نیٹ ورک ہے،ایڈیلیڈ میں مقیم فیصل بن بدر کی سربراہی میں قائم یہ چئیرٹی ادارہ نہ صرف تعلیم سے محروم بچوں کو مفت، بین الاقوامی معیار کی جامع تعلیمی سہولیات فراہم کرتا ہے، بلکہ خواتین اور نوجوانوں کے لیے مہارتوں کی ترقی کے پروگرام بھی پیش کرتا ہے۔

فیصل بن بدر کی قیادت میں قائم ادارہ دور دراز دیہات، کچی آبادیوں اور غریب علاقوں میں ایسے بچوں تک تعلیم پہنچا رہا ہے جو یتیم، بیواؤں کے بچے یا انتہائی مالی مشکلات کا شکار خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ادارے کا مقصد ان بچوں کو وہی معیارِ تعلیم دینا ہے جو آسٹریلیا جیسے ممالک میں دستیاب ہے۔
ادارہ صرف بچوں کی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو فری لانسنگ، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت بھی فراہم کر رہا ہے، جبکہ خواتین کے لیے ہنر سکھانے کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اس وقت پاکستان کے چاروں صوبوں میں 23 مراکز فعال ہیں اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر سے اس مشن کو تعاون حاصل ہے۔

ادارے نے “ڈیجیٹلی آپریٹڈ ون روم اسکول ہاؤسز” کا منفرد ماڈل متعارف کرایا ہے، جس کے تحت کم لاگت میں ایک کمرے اور مقامی تربیت یافتہ سہولت کار کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے۔ اس نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور ریئل ٹائم نگرانی شامل ہے، جس سے شفافیت اور معیار برقرار رہتا ہے۔





