نو مئی کے واقعات، پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کے بعد پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر اچانک تبدیلی نظر آئی ہے، تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کا جھنڈا اب ان کے ہاتھ میں ہے، وہ تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور عمران خان سے ملاقات کرکے رہنمائی لیں گے، عدالت کی جانب سے متعدد بار شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم دیا گیا لیکن حکومت نے اس سے پہلے انہیں رہا نہیں کیا، شاہ محمود قریشی کو اچانک رہا کیوں کیا گیا؟ کیا انہیں مستقبل میں کوئی اہم ذمہ داری ملنے والی ہے؟ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے اکثر و بیشتر رہنما یا تو جیلوں میں ہیں یا پھر روح پوش ہیں ، کچھ رہنماوں نے رہائی ملنے کے فوری بعد یا تو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کے ساتھ یا تو پارٹی عہدہ چھوڑا یا پھر پارٹی سے ہی لا تعلقی کا اظہار کردیا، فواد چوہدری ، عامر کیانی، عمران اسمعاعیل، فردوس عاشق اعوان، فیاض الحسن چوہان سمیت درجنوں رہنما تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ چکے ہیں جبکہ اسدعمر اور پرویز خٹک نے پارٹی عہدوں سے دستبرداری کا اعلان کیا، عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش ہورہی ہے، جبیکہ مسلم لیگ ن کی سنیئر نائب صدر مریم نواز نے 9 مئی کے واقعات کو لیکر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ نبایا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کو ختم کرنے کا سوچنے والا آج اکیلا رو رہا ہے، عوام بنکر میں چھپنے والے کو عبرت کا نشان بنا دیں گے، سابق صدر آصف علی زرداری نے دعوی کیا ہے کہ وہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچائیں گے، آصف علی زرداری نے بلاول ہاوس میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہا کہ انہوں نے 14 برس جیل کے دوران معیشت پر بہت سی کتابیں پڑھی ہیں پہلے بھی ایسے حل دیئے تھے جس سے ان کے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالرز ہوگئے تھے، انہوں نے کہا 2 ماہ میں الیکشنز نہیں کرواسکتے، الیکشن تب ہی ہونگے جب وہ چاہیں گے
دوسری جانب تحریک اںصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین اپنی پارٹی بنانے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں، جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے رائیں جدا کرنیوالے ارکان کو اپنے گروپ میں شامل کرنا شروع کردیا ہے، جہانگیر ترین نے سیاسی رہنماوں سے رابطے کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں عون چوہدری، سردار تنویر الیاس اور اسحاق خاکوانی شامل ہیں،ادھر پنجاب کے سابق وزرا ہاشم ڈوگر اور مراد راس کا گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ہے، اس گروپ سے تعلق رکھنے والے تین سابق اراکین صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال، مامون تارڑ اور رائے اسلم نے جہانگیر ترین کے ساتھ ملاقات کے بعد ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماوں فواد چوہدری ، پرویز خٹک، عبدالعلیم خان، فرودس عاشق اعوان اور دیگر کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کی شمولیت کے بعد جلد اپنی پارٹی کا اعلان کریں گے
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے، رجسٹرار سپریم کورٹ کی طرف سے عائد کردہ اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے کسی دوسرے فورم کو اپروچ نہیں کیا، درخواست میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کونسا عوامی مفاد کا ایشو ہے، رجسٹرار نے اعتراض اٹھایا کہ درخواست گزار کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹسز کیس کی وضاحت نہیں کرتے، ایک درخواست میں ایک سے زائد استدعائیں کئی گئیں ہیں، آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت وزیراعظم اور وزیر اعلی کو فریق نہیں بنایا گیا
Former Pakistan PM Imran Khan. Source: Getty
وفاقی حکومت نے کوئٹہ میں قتل ہونیوالے سپریم کورت کے سنیئر وکیل ایڈووکیت عبدالرزاق کے قتل کا مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر نے عمران خان کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے کی درخواست عدالت میں دائر کررکھی تھی جس کی سماعت بدھ کو ہونا تھی، انہوں نے کہا کہ سینئر وکیل کے قتل کے ذمہ دار عمران خان ہیں، واضح رہے کہ سینئر وکیل عبدالرزاق شر کو منگل کے روز گھر سے عدالت جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، پولیس سرجن کے مطابق عبدالرزاق شر پر 16 فائر کیے گیے
رپورٹ : اصغرحیات
___________________________
- کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک بنائیں یا ایس بی ایس اردو کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔ § اردو پروگرام ہر بدھ اور اتوار کو شام 6 بجے (آسٹریلین شرقی ٹائیم) پر نشر کیا جاتا ہے
§ اردو پرگرام سننے کے طریقے
§ پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: