پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ طب کے شعبے میں ایم-او-یو دستخط کرنے والا جنوبی ایشیاء کا پہلا ملک بن گیا ہے- معاہدے کے تحت اب پاکستانی ڈاکٹرز آسٹریلیا میں رائج طریقہِ علاج کو اپنے ملک میں بہتر بنانے کے لیے استعمال کر سکیں گے- اس سلسلے میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے ڈائرکٹر جنرل انٹرنیشنل افیئرز ڈاکٹر شعیب شفیع کا کہنا تھا کہ یہ احسن قدم ہے اور اس سے بہت سیکھنے کو ملے گا
جنوبی ایشیا میں پاکستان پہلا ملک ہے جس سے آسٹریلیا نے معاہدہ کیا ہے اور یہ ہمارے لئے انتہائی خوشی اور فخر کا لمحہ ہے
ایس بی ایس سے بات کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کے سابق نائب صدر اور کونسل ممبر ڈاکٹر اصغر بٹ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے آنے والے وقت میں طب کے شعبے میں بہت سیکھنے کو ملے گا-
آسٹریلیا کا فیملی میڈیکل سسٹم دنیا میں بہترین مانا جاتا ہے اور ہم اس سے کافی فوائد حاصل کر سکتے ہیں
دوسری جانب رائل آسٹریلین کالج آف جنرل پریکٹیشنرز وکٹوریا کے کونسل ممبر ڈاکٹر یوسف ہارون احمد کا کہنا تھا کہ ہم کافی عرصے سے اس سلسلے میں تگ و دو کر ریے تھے-
ہم گزشتہ پندرہ ماہ سے یہ کوشش کر رہے تھے کہ یہ معاہدہ ہو جائے اور اس سلسلے میں کاغذات مکمل کر رہے تھے
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے طب کی دنیا میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا-




