رمضان رحمت، مغفرت اور روحانی تازگی کا مہینہ ہے مگر حقیقت یہ بھی ہے کہ خاص طور پر بیرونِ ملک رہنے والی خواتین کے لیے یہ مہینہ کئی اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ آتا ہے۔ آسٹریلیا جیسے تیز رفتار معاشرے میں روزہ، ملازمت، بچوں کی دیکھ بھال اور روزانہ افطار کی تیاری سنبھالتے ہوئے خواتین اکثر خود کو پسِ منظر میں رکھ دیتی ہیں۔ کیا واقعی رمضان کا مقصد یہ ہے کہ عورت سب کچھ اکیلے سنبھالے اور مسکراتی بھی رہے؟ اسی اہم موضوع پر ہماری خصوصی گفتگو میں شامل ہوں گی شفق جعفری جو آسٹریلیا میں پاکستانی خواتین کی ذہنی صحت، خاندانی توازن اور عملی سپورٹ کے حوالے سے ایک متحرک آواز ہیں۔
اس پوڈکاسٹ میں ہم بات کریں گے:
▫️ کام کرنے والی خواتین کے لیے رمضان کے مخصوص چیلنجز کیا ہیں؟
▫️ ذہنی دباؤ اور برن آؤٹ کو پہچاننے کے اشارے کون سے ہیں؟
▫️ شوہر اور بچے کچن اور گھر کے معاملات میں حقیقی شراکت دار کیسے بن سکتے ہیں؟
▫️ کیا افطار کی سادگی روحانیت کو کم نہیں بلکہ بڑھا سکتی ہے؟
▫️ اور کیا وقت آ گیا ہے کہ ہم “پرفیکٹ رمضان” کے تصور کو بدل دیں؟
رمضان مقابلے کا نہیں، تعاون کا مہینہ ہے۔ افطار کی میز جتنی سادہ ہو گی، دل اتنے ہلکے ہوں گے۔ جب ذمہ داریاں تقسیم ہوں گی تو عبادت میں خشوع بھی بڑھے گا۔
آئیے اس رمضان ایک نئی سوچ اپنائیں: گھر ایک ٹیم ہے۔ کچن ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اور سکون، سب کا حق ہے۔





