پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن کل سے شروع ہونے جا رہا ہے جس میں چھ ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے لیے زور آزمائی کریں گی ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس کے بعد پہلا میچ کھیلا جائے گا ٹورنامنٹ کے 34 میچز لاہور کراچی راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نائب کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا شدید سے انتظار کر رہے ہیں تیاری بہت اچھی ہے امید ہے اس بار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے محمد عامر ورلڈ کلاس باؤلر ہیں انکے آنے سے بہت فائدہ ہوگا بیٹر آصف علی نے کہا کہ پشاور زلمی کی جانب سے پہلا سیزن کھیل رہا ہوں بڑے اچھے ماحول میں ٹریننگ جاری ہے بابر اعظم اسی انداز سے کپتانی کر رہے ہیں جیسے وہ پاکستان ٹیم کی کرتے ہیں ۔
دورہ آسٹریلیا سے انکار پر پی سی بی نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سنٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے پی سی بی کے مطابق کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں کرکٹر کا کنٹریکٹ ختم کیا گیا ہے سماعت کا موقع دیا گیا جس میں حارث روف کا جواب غیر تسلی بخش تھا حارث رؤف کو تیس جون تک غیر ملکی لیگ کے لیے این او سی نہیں دیا جائے گا۔
ادھر حارث رؤف نے پی ایس ایل میں شرکت کے لیے اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا ہے حارث رؤف نے کہا کہ دو بار چیمپئن بن چکے ہیں کوشش کریں گے تیسری بار بھی ٹرافی اٹھائیں غلطیوں سے سیکھ رہا ہوں پریشر نہیں ہے کوشش کریں گے ایسی کرکٹ کھیلیں جس سے فینز لطف اندوز ہوں ۔
آسٹریلین ویمن کرکٹ ٹیم کے ساؤتھ افریقہ سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹیسٹ میچ جیتنے کے امکانات بھی روشن ہونے لگے ہیں دونوں ٹیموں کے درمیان پرتھ میں جاری واحد ٹیسٹ میچ میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں صرف 76 رنز ہی بنا سکی ون ڈے سیریز کی پلیئر آف دی میچ بیٹر تاحلیہ ولسن نے مسلسل کامیابیوں کے سلسلے کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔
(رپورٹ: انس سعید)