وفاقی حکومت کوئنز لینڈ کی حکومت کے اشتراک سے تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں تاکہ دنیا کا پہلا تجارتی طور پر کارآمد کوانٹم کمپیوٹر تیار کیا جا سکے اور اسے بریسبین میں قائم کیا جائے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی سرمایہ کاری کیوں؟ اور آخر کوانٹم کمپیوٹر ہوتا کیا ہے؟
آج کے روایتی کمپیوٹر معلومات کو “بِٹس” کی صورت میں محفوظ اور پروسیس کرتے ہیں، جو یا تو صفر ہوتے ہیں یا ایک۔
کوانٹم کمپیوٹر ایسے بِٹس پر کام کرتے ہیں جو بیک وقت صفر اور ایک دونوں حالتوں میں موجود رہ سکتے ہیں — انہیں کیوبِٹس کہا جاتا ہے۔
پروفیسر اینڈریو وائٹ، یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ کے سینٹر آف انجینیئرڈ کوانٹم سسٹمز کے ڈائریکٹر ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ یہی صلاحیت — بیک وقت متعدد حالتوں میں موجود رہنے کی — اس ٹیکنالوجی کی بنیاد ہے۔
"کوانٹم کمپیوٹر لہریائے افعال (wave functions) کے ذریعے تمام غلط راستوں کو ختم کر دیتا ہے اور آخر میں صرف درست جواب باقی رہ جاتا ہے۔"
اگرچہ ابتدائی ماڈلز موجود ہیں، مکمل طور پر فعال کوانٹم کمپیوٹر ابھی دستیاب نہیں۔ مگر سائنس دان — بشمول پروفیسر وائٹ — سمجھتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی ایک نئی صنعتی انقلاب کی بنیاد بن سکتی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق کوانٹم کمپیوٹنگ طبی تحقیق، موسمی پیشگوئی، موسمیاتی ماڈلنگ، بیٹری ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، قابلِ تجدید توانائی اور مصنوعی ذہانت میں انقلاب لا سکتی ہے۔
لیکن چیلنجز بھی بڑے ہیں۔
زیادہ تر کوانٹم کمپیوٹر انتہائی حساس ہوتے ہیں۔حرارت، برقی اور مقناطیسی لہریں نظام کو ناکام بنا سکتی ہیں، اسی لیے انہیں نہایت ٹھنڈے اور کنٹرول ماحول میں رکھنا پڑتا ہے۔اور آسٹریلیا خود کو اس دوڑ میں نمایاں پوزیشن پر لا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ وزیرِاعظم انتھونی البانیؔزی نے اعلان کیا کہ وفاقی اور کوئنز لینڈ حکومتیں مشترکہ طور پر تقریباً 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے دنیا کا پہلا تجارتی طور پر مفید کوانٹم کمپیوٹر تیار کریں گی۔ امید ہے کہ بریسبین کا یہ مرکز 2027 کے اختتام تک فعال ہو جائے گا، اور قابلِ تجدید توانائی، صحت اور ٹرانسپورٹ سمیت متعدد شعبوں میں تبدیلی لانے کا ذریعہ بنے گا۔
___
جانئے کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک کریں ہر بدھ اور جمعہ کا پورا پروگرام اس لنک پرسنئے, اردو پرگرام سننے کے دیگر طریقے, “SBS Audio”کےنام سےموجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یااینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے۔






