آسٹریلیا کی ملٹی کلچر سوسائٹی میں نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی کمیونٹی نے بھی انہیں بے پناہ محبت دی، جو فن کی سرحدوں سے بالاتر ایک خوبصورت مثال ہے۔ نعمان اعجاز اور بشریٰ انصاری
معروف فنکار نعمان اعجاز اور بشریٰ انصاری نےآسٹریلیا کے مختلف شہروں میں اپنے مداحوں ملاقاتیں کیں، تاہم کینبرا میں ہونے والا ایونٹ اس دورے کا خاص مرکز رہا۔ اس ایونٹ میں بشریٰ انصاری نے اپنے ماضی کی مشہور پرفارمنسز اور کردار نعمان اعجاز کےساتھ مل کر اسٹیج پر پیش کیے۔ خاص طور پروہ یادگار پرفارمنسز جنہیں انہوں نے انور مقصود اور معین اختر کے ساتھ کیا تھا، جس پر شائقین نے بھرپور داد دی اور محفل تالیوں سے گونج اٹھی۔
نعمان اعجاز اور بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار انڈس ہاسپٹل کے آسٹریلیا بھرمیں ہونے والے فنڈ ریزنگ مہم کے کینبرا کے پروگرام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستانی ڈرامے بے حد مقبول ہیں اور یہاں کے ناظرین ان کے کام کو بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے ماحول، لوگوں کی مہمان نوازی اور خاص طور پر یہاں دستیاب دیسی کھانوں کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آسٹریلیا میں نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی کمیونٹی نے بھی انہیں بے پناہ محبت دی۔ ان کے مطابق فن ایک ایسا ذریعہ ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو جوڑتا ہے، اور یہی چیز اس دورے میں نمایاں نظر آئی۔
فنکاروں کا یہ دورہ نہ صرف رفاہی کاموں میں مدد اور تفریح کا ایونٹ ثابت ہوا بلکہ اس نے آسٹریلیا میں بسنے والی جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے ساتھ ایک مضبوط ثقافتی رشتہ بھی قائم کیا، جہاں فنکاروں اور مداحوں کے درمیان براہِ راست رابطے نے یادگار لمحات کو جنم دیا۔




