وفاقی بجٹ برائے 2026 میں مکانات کی کمی کو دور کرنے کے لئے اقدامات سمیت مائگریشن، انٹرنیشنل طلبا، ٹیکس کے شعبوں کےعلاوہ NDIS میں تبدیلیاں شامل ہیں۔ ان تبدیلیوں پر مختلف کمیونٹی گروپس نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ کثیرالثقافتی اور مقامی آسٹریلینز کے مفاداتی گروپس نے اس سال کے بجٹ اور اپنی کمیونٹیز پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی حکومت کارکنوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ملک کے مستقل مائگریشن نظام میں اصلاحات کر رہی ہے تاکہ "زیادہ تعلیم یافتہ"، "زیادہ ہنر مند" اور کم عمر تارکینِ وطن کا انتخاب کیا جا سکے۔
پرمیننٹ مائگریشن پروگرام کے ذریعے ؓاہر سے آنے والوں کے لئے حد 185,000 پر برقرار رہے گی، جن میں سے 70 فیصد سے زیادہ مقامات ہنر مند تارکینِ وطن کے لیے مختص ہوں گے۔
حکومت ہنر مندوں اور خاندان کے افراد دونوں زمروں میں بیرونِ ملک سے آنے والوں کے بجائے آسٹریلیا میں موجود تارکینِ وطن کی درخواستوں کو ترجیح دے گی۔ فیڈریشن آف ایتھنک کمیونٹیز کاؤنسلز آف آسٹریلیا، یا FECCA، کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ ہجرت کی تعداد میں کمی نہ ہونے پر مطمئن ہے، لیکن اس کے چیئرمین پیٹر ڈوکاس کا کہنا ہے کہ FECCA کو اس کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے تشویش ہے۔





