ویکسین کے مضر اثرات کی شرح انتہائی کم جبکہ کووڈ-19 زیادہ بڑا خطرہ ہے۔
بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے خود ویکسین لگوا لی ۔
ویکسین لگوانے میں تاخیر سے بچنے کے لئے جو دوا میسر تھی وہ ہی لگوا لی ۔
عالمی وبا سے نمٹنے اور زندگی کو معمول پر لانے کے لئے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں کوششیں جاری ہیں ۔ انہی کوششوں میں سب سے اہم اور ضروری ویکسین کا جلد از جلد لگوانا ہے ۔ طبی ماہرین کے ہمراہ اب حکومت بھی اس بات پر زور دے رہی ہے کہ جیسے ہی ممکن ہو ویکسین لگوائی جائے ۔
اس سلسلے میں ابتداء میں ایسٹرا زینکا ویکسین کے منفی اثرات سے متعلق کچھ خبریں سامنے آنے پر عوام اس دوا کے بارے میں شکوک اور ہچکچاہٹ کا شکار ہو گئے تھے ۔ لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ نہ صرف لوگوں میں خوف کا خاتمہ ہو رہا ہے بلکہ وہ فائزر کے لئے اہل ہونے کے باوجود ایسٹرا زینکا کو فوقیت دے رہے ہیں ۔
اس سلسلے میں میلبرن کے رہائشی حسان اسرار کا کہنا ہے کہ درحقیقت ایسٹرا زینکا کے منفی رد عمل کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ دوسری جانب کووڈ-19 کا خطرہ زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا تو اس وقت یہ ہی ایک "آپشن" موجود تھا ۔ حسان نے تاخیر سے بچنے کے لئے ایسٹرا زینکا ویکسین لگوانے کو ہی بہتر جانا اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فیصلے سے مطمئن ہیں کیونکہ انہیں کسی قسم کے منفی اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

Source: AAP
دوسری جانب زوبیہ عدیل کہتی ہیں کہ انہیں جب پتہ چلا کہ فائزر کی دستیابی میں تاخیر ہو سکتی ہے تو خود کو کرونا وائرس کے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے انہوں نےایسٹرا زینکا کو فوقیت دی اور وہ اپنے اس فیصلے پر خوش ہیں ۔ زوبیہ کا کہنا ہے کہ اگر منفی اثرات کی بات کریں تو انہیں بس اتنی ہی تکلیف اٹھانی پڑی جتنی فلو ویکسین کے بعد ہوتی ہے ۔
سروسز آسٹریلیا میں ملازمت کرنے والی نازش کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے ڈاکٹر نے ایسٹرا زینکا لگوانے کا مشورہ دیا ۔ نازش کہتی ہیں کہ یہ بات تو اب واضح ہے کہ جلد یا بدیر سب کو ہی ویکسین لگوانا ہوگی تو جتنی جلد ممکن ہو خود کو محفوظ کرلیں ۔ نازش کا کہنا ہے کہ ان کے دو چھوٹے بچے ہیں اور خود ویکسین لگوا کر دراصل انہوں نے اپنے بچوں کو محفوظ کیا ہے۔ نازش کے مطابق ان کی صحت کے دیگر مسائل کے باعث دوا کا کچھ ردعمل سامنے آیا اور وہ تھکان، بخار اور جسم میں درد کا شکار ہوئیں تاہم یہ کیفیت جلد ختم ہوگئی اور اب وہ بالکل صحت مند ہیں ۔
ڈرائیونگ انسٹرکٹر عمران بھٹی کہتے ہیں کہ وہ فائزر لگوانے کے لئے اہل تھے لیکن انہوں نے اپنی ذاتی پسند سےایسٹرا زینکا ویکسین لگوائی ہے ۔ عمران کہتے ہیں کہ تھوڑی سی سستی کے باعث انہوں نے دور جا کر ویکسین لگوانے سے بہتر یہ سمجھا کہ گھر کے نزدیک کلینک سے ویکسین لگوائی جائے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں کسی طرح کے مضر اثرات ک سامنا نہیں کرنا پڑا۔

歐洲一宗血栓塞個案打亂澳洲疫苗接種計劃進度? Source: AAP
- پوڈ کاسٹ سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے
- Spotify Podcast, Apple Podcasts, Google Podcast, Stitcher Podcast
- کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک بنائیں یا ایس بی ایس اردو کو اپنا ہوم پیج بنائیں
- اردو پروگرام ہر بدھ اور اتوار کو شام 6 بجے (آسٹریلین شرقی ٹائیم) پر نشر کیا جاتا ہے
- اردو پروگرام سننے کے طریقے