ترکیہ میں نیٹو رہنماؤں کا اہم اجلاس، صدر ٹرمپ کا نیٹو ممالک سے دفاع کا بوجھ اٹھانے پر زور۔ آسٹریلیا کے فیصلوں سے عالمی بحرانوں اور کھیلوں کی خبروں تک , اہم خبریں ایک نظر میں: Telstra سروس مسائل، عالمی سیاست اور ورلڈ کپ کے یادگار مقابلے
ٹیلسٹرا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہزاروں صارفین کو متاثر کرنے والی سروس بندش کے بعد خدمات دوبارہ بحال ہو رہی ہیں۔ ٹیلسٹرا کے چیف فنانشل آفیسر مائیکل ایک لینڈ نے بتایا ہے کہ میلبورن اور سڈنی کے ڈیٹا سینٹرز میں سرورز کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے، جس سے اُن رابطہ کاری کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی جن کا سامنا ہزاروں افراد کو ہوا، جو آج صبح تقریباً پانچ بجے سے کالز نہیں کر پا رہے تھے یا موبائل ڈیٹا استعمال نہیں کر سکتے تھے۔
سروس بندش کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس خرابی سے علاقائی ریل سروسز، ای ایف ٹی پی او ایس لین دین اور اُن صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو ٹرپل زیرو پر کال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
وزیرِ اعظم انتھنی البانیزے پاپوا نیو گنی، ٹونگا اور ساموا کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم جیمز ماراپے، لارڈ فکافانوا اور لا اولی لیواٹیا شمٹ مذاکرات کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہیں۔ یہ رہنما آج رات برسبین میں ہونے والے اسٹیٹ آف اوریجن کے فائنل میچ میں بھی شرکت کریں گے۔
مسٹر البانیزے ابھی سولومن جزائر اور فجی کے دورے سے واپس آئے ہیں، جہاں انہوں نے اوشن آف پیس الائنس پر دستخط کیے۔ اس اتحاد کو دیگر بحرالکاہل ممالک تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔
البانیزے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین اور آسٹریلوی فوج کی مدد کے لیے ڈرونز کے خلاف دفاعی نظام پر اربوں ڈالر خرچ کرے گی۔
وزیرِ دفاعی صنعت پیٹ کونرائے نے ترکیے میں نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران یہ اعلان کیا۔
__________________________________________________________________________
نیٹو رہنما ترکیے میں سربراہی اجلاس کے لیے ملاقات کر رہے ہیں، جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مطالبے کا سایہ ہے کہ امریکا کم ذمہ داریاں اٹھائے جبکہ یورپ کو زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
یوکرین پر روس کے بڑے حملوں اور چین کے میزائل تجربات کے بعد یورپی اتحادیوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ امریکی مطالبات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ترکی نے ایران سے متعلق معاملات میں مؤثر کردار ادا کیا اور دونوں ممالک ایران کی جوہری صلاحیت کے بارے میں یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بات نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ پریس کانفرنس میںمیں کہی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ترکی نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں مدد دی، جبکہ یہ جنگ نہیں بلکہ ایران کی جوہری صلاحیت محدود کرنے کے لیے ایک فوجی کارروائی ہے۔
امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئے حملے کیے ہیں، چند گھنٹے بعد جب آبنائے ہرمز میں تین تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد بین الاقوامی آبی راستے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے اور حملوں کی بھاری قیمت عائد کرنا تھا۔
تینوں جہازوں پر حملوں کے فوراً بعد امریکا نے اس اجازت نامے کو منسوخ کر دیا جس کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی ختم کرنے کے عبوری معاہدے کے حصے کے طور پر ایرانی تیل کی فروخت کی اجازت دی گئی تھی۔
کے ٹو ایئرویز کے لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو وسیع کر دیا گیا ہے اور پاکستانی بحریہ، فضائیہ اور دیگر ادارے بھی اس میں شامل ہو چکے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی فضائیہ کے اثاثے بھی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کر چکا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا تجارتی جہاز لاہور بھی جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف ادارے مشترکہ طور پر تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
______________________________________
سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چار کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔سوئٹزرلینڈ کی ٹیم آخری بار انیس سو چون میں ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچی تھی۔
اب سوئٹزرلینڈ کا مقابلہ اتوار، بارہ جولائی کو صبح گیارہ بجے آسٹریلین ایسٹرن اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق ارجنٹینا سے ہوگا۔
امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے ایک ڈرامائی مقابلے میں ارجنٹینا نے دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ میچ کے بعد سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کی ڈرامائی واپسی، میسی کی کارکردگی اور ریفری کے فیصلے زیرِ بحث ہیں۔
فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ میں سفر پرتگال کی سپین کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست کے ساتھ بالآخر اس سب سے بڑے اعزاز کے بغیر اختتام پذیر ہو گیا۔
ڈلاس میں کھیلے گئے اس میچ کے اختتام پر جب پرتگال کو آخری 16 کے مرحلے میں سپین کے ہاتھوں 1-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تو رونالڈو کی ورلڈ کپ داستان آنسوؤں کے ساتھ ختم ہوئی۔





