اسلام آباد ہائیکورٹ کے عدالتی اہلکارکے مطابق 8 ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئے۔عدالتی اہلکار کے مطابق عدالتی عملے نے خط کھولا جس میں پاؤڈر موجود تھا۔ مشکوک خطوط کی موصولی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے .
تحریک انصاف نے خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت سے متعلق خط کے معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججوں کو پاؤڈر بھرے مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں جس میں ڈرانے دھمکانے والا نشان موجود ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس کی سماعت کے دوران تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خط موصول ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ سائفر کیس کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہی تھی، بنیادی طور پر ہائی کورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق خط کھولا گیا تو اس کے اندر سوف تھا۔ خط کھولنے والے عملے کی آنکھوں میں جلن شروع ہوگئی۔ خط رشیم نامی خاتون کے نام سے موصول ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فوری طور پر پولیس طلب کرکے خط سی ٹی ڈی کے حوالے کیے۔ تھانہ سی ٹی ڈی نے ججز کو دھمکی آمیز خط کے معاملے پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک ناموس پاکستان کا حوالہ دے کر جسٹس سسٹم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ دھمکی کیلئے مخصوص شکل اور انگریزی الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف نے ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خط کا مقصد ججز کو ڈرانا اور انہیں سپریم جوڈیشل کونسل بھیجے گئے خط سے دستبردار کروانا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے ہراساں کرنے کے خط پر از خود نوٹس لیتے ہوئے کیس کی سماعت آج کیلئے مقرر کررکھی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 7 رکنی پینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ پاکستان میں سینیٹ کی 30 میں سے 19 نشستوں پر انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگیا۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب سے سینیٹ کی تمام پانچ نشستیں جیت لی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی 10 نشسیتں جیتی ہیں۔ اسلام آباد ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر حکمران اتحاد کے امیدوار و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور رانا محمود کامیاب ہوگئے۔ منگل کے روز قومی اسمبلی، پنجاب اور سندھ کے اراکین نے ایوان بالا کے انتخابات میں ووٹ ڈال کر ممبران کا انتخاب کیا۔قومی اسمبلی حال میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو سہ پہر 4 بجے تک جاری رہی۔ سینٹ انتخابات میں قومی اسمبلی کے 310 اراکین نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ الیکشن کمیشنر کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق اسلام آباد سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور رانا محمود الحسن کامیاب ہوئے۔ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 19 امیدوار مد مقابل تھے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے سندھ اسمبلی کے 154 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا۔ نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی 10نشستیں جیت لیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی۔جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے اشرف علی جتوئی، دوست علی جیسر ، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو، ایم کیو ایم کے عامرچشتی اور آزادامیدوار فیصل واوڈا سینیٹر منتخب ہوئے۔خواتین کی نشست پر پی پی روبینہ قائم خانی، قراۃ العین مری جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر سرمدعلی اور ضمیرگھمرو کامیاب ہوئے۔اقلیت کی نشست پر پیپلزپارٹی کے پنجومل بھیل سینیٹر منتخب ہوئے۔پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں کل 356 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشستوں پر ن لیگ کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک کامیاب ہوئے۔پنجاب سے سینیٹ کی خواتین نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمان اور بشریٰ بٹ کامیاب ہوگئیں۔ اسی طرح پنجاب سے سینیٹ کی اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے خلیل طاہر سندھو کامیاب ہوگئے سینیٹ کے انتخابات میں18 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخواہ میں اسپیکر کی جانب سے مخصوص ارکان کا حلف نہ لینے کا تنازعہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی حلف برداری نہ ہونے کے باعث خیبرپختونخواہ کے سینیٹ کے انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اپنے تحریری آرڈر میں کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کی حلف برداری تک سینیٹ کے انتخابات ملتوی کیے جاتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ جبکہ خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ آزاد نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔ اس حق کو لینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں سینیٹ الیکشن ملتوی ہونے سے نیا آئینی بحران جنم لینے لگا۔ 11 مارچ سے غیر فعال سینیٹ مزید کچھ عرصہ غیر فعال رہنے کا امکان ہے۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینیٹ مکمل طور پر غیر فعال ہے۔ آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی ہونے سے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کردیا۔ منگل کے روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 88 ارکان اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ارکان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان سرکاری دستاویزات میں ڈکلیئر کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق فیصلہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزدہ حامد رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے عمر ایوب کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا ہے۔ منگل کے روز یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی، جب پی ٹی آئی کے رہنما گوہر خان، عامر ڈوگر اور عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی نے نامزد امیدوار عمر ایوب کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔ بعدازاں، ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں قواعد و ضوابط کے رول 39 کے تحت جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایوب کو قائد حزب اختلاف قرار دیا۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن عمر ایوب نے اپوزیشن لیڈر کی کرسی بھی سنھبال لی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ایوان زیریں میں حکمران اتحاد کے اراکین کی تعداد 226 ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی تعداد 102 ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت کے دوران دعوی کیا ہے کہ بشرہ بی بی کو بنی گالہ میں دوران قید زہر دیا گیا ہے۔ 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ سماعت کے دوران ایک گواہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور وکلاء صفائی کی جانب سے گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ دوران سماعت عمران خان اور بشرہ بی بی عدالت میں موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بشرہ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے، بشرہ بی بی کی جلد اور زبان پر نشانات موجود ہیں۔ لہذا عدالت ان کا مکمل چیک اپ کروانے کا حکم دے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں۔ بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے پر بھی تحقیقات کروائی جائے۔عدالت نے عمران خان کو بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔
رپورٹ: اصغرحیات ۔ پاکستان




