غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو قومی اسمبلی کی 93 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ ہے، جسے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں 75 نشستیں ملی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی کی 54 نشستوں پر جیت ملی ہے۔
اسلام آباد سے سیاسی تجزیہ نگار جاوید رانا نے ایس بی ایس کو بتایا کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی جیت انتہائی غیر معمولی ہے اور یہ ملکی اسٹیبلشمنٹ کی عمران خان مخالف پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان سے موصولہ رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مجوزہ مخلوط حکومت تشکیل کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تجزیہ نگار جاوید رانا کے بقول اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کے مینڈیٹ کو عزت نہ دینے کے نتائج ملک کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوں گے۔
پاکستان کے انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ افسوس ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ان انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سرفہرست جماعت پی ٹی آئی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ نشستیں مکمل کرنے کے لیے رابطہ کاری میں مصروف ہے۔