آسٹریلین عوام سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر مشکل موسمِ بہار کے لیے تیار رہیں، کیونکہ ملک کے کئی حصوں میں بشُ فائر یا جنگلاتی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حالات ایک خطے سے دوسرے خطے تک نمایاں طور پر مختلف ہیں۔ خشک موسم، زیادہ درجۂ حرارت اور آتش گیر مواد کی بڑھتی ہوئی مقدار اس خطرے میں اضافہ کر رہی ہے۔
شمالی آسٹریلیا کے گرم مرطوب علاقوں سے لے کر جنوبی ریاستوں تک، فائر حکام ایسے موسمِ بہار کی تیاری کر رہے ہیں جو ملک کے مختلف حصوں میں مختلف نوعیت کے خطرات لا سکتا ہے۔ بیورو آف میٹرولوجی کے مائیکل ایگن کا کہنا ہے کہ طاقت پکڑتا ہوا ال نینیو موسمی پیش گوئی پر اثرانداز ہو رہا ہے، لیکن یہ واحد موسمی عامل نہیں ہے۔
وکٹوریا کے ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر ٹم ویبش کا کہنا ہے کہ ریاست میں جنگلاتی آگ کا موسم جلد شروع ہو سکتا ہے۔
مزید شمال میں، کوئنزلینڈ کے جنوبی اندرونی علاقوں اور جنوب مشرقی حصوں میں جنگلاتی آگ کا خطرہ اوسط سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ قائم مقام ڈپٹی چیف آفیسر ایرن ہاورڈ کا کہنا ہے کہ عملہ پہلے ہی بھرپور کام کر رہا ہے۔
ناردرن ٹیریٹری کے فائر اینڈ ایمرجنسی کمشنر اینڈریو وارٹن کا کہنا ہے کہ ایک ہی وقت میں کئی علاقوں میں آگ کا خطرہ بڑھنے کا امکان ہے۔
مقامی فرسٹ نیشنز کے فائر مینیجرز بھی شدید حالات شروع ہونے سے پہلے خطرہ کم کرنے کے لیے روایتی طریقے استعمال کر رہے ہیں۔ مغربی آسٹریلیا کے جنوب مغربی علاقے میں ریکارڈ کے مطابق جولائی کا دوسرا خشک ترین مہینہ گزرا ہے، جبکہ موسمِ بہار کے دوران کم بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے کمشنر ڈیرن کلیم کا کہنا ہے کہ ابھی سے تیاری کرنا فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
تسمانیہ بھی جنگلاتی آگ کے موسم کے جلد آغاز کے امکان کے لیے تیاریاں کر رہا ہے۔
ڈپٹی چیف آفیسر میٹ لو کا کہنا ہے کہ حالات مزید خراب ہونے سے پہلے لوگوں کو تیار کرنا اولین ترجیح ہے۔
آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری میں جنگلاتی آگ کا مجموعی خطرہ اوسط سطح پر رہنے کی توقع ہے، تاہم خشک ادوار کے دوران آگ کے خطرے کی درجہ بندی بڑھ سکتی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز میں، بالخصوص گریٹ ڈیوائڈنگ رینج کے مغرب میں، زیادہ خشک حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم شدید طوفان اب بھی موسلادھار بارش، تباہ کن ہواؤں، بڑے اولوں اور اچانک سیلاب کا سبب بن سکتے ہیں۔
گھرانوں کے لیے ہدایات زیادہ عملی نوعیت کی ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز کے وزیر برائے ایمرجنسی سروسز جہاد دیب کا کہنا ہے کہ گھر کے اردگرد چند سادہ کام نقصان کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
ملک بھر میں بش فائر کت متعلق مختلف نوعیت کی پیش گوئیوں کے باوجود حکام کا پیغام واضح ہے: اپنے مقامی خطرات کو سمجھیں، منصوبہ بنائیں اور ہنگامی صورتِ حال شروع ہونے سے پہلے تیاری مکمل کریں۔
آسٹریلیا کا موسمِ بہار
بہار یا Spring کا آغاز ستمبر سے ہوتا ہے اور نومبر تک جاری رہتا ہے)
ستمبر، اکتوبر اور نومبر: درجہ حرارت دوبارہ بڑھنے لگتا ہے، پھول کھلتے ہیں اور براعظم کے جنوبی حصے میں عام طور پر بارش کم ہوتی ہے۔شمالی خطہ: بارشوں کے موسم کی واپسی سے پہلے درجہ حرارت بڑھتا ہے اور موسم گرم اور مرطوب ہو جاتا ہے۔
جانئے کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک کریں ہر بدھ اور جمعہ کا پورا پروگرام اس لنک پرسنئے, اردو پرگرام سننے کے دیگر طریقے, “SBS Audio”کےنام سےموجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یااینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے





