پاکستان کی پہلی وومن انٹرنیشنل کرکٹ امپائر سلیمہ امتیاز جو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی کائنات امیتاز کی والدہ ہیں وہ امپائرنگ کے میدان میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں انہوں نے حال ہی میں خواتین کے ایشیا کپ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جبکہ وہ 2006 سے ڈومیسٹک کرکٹ میچز میں امپائرنگ کر رہی ہیں ایس بی ایس اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمہ امتیاز کا کہنا تھا کہ 2005 میں خواتین کی امپائرنگ کے امتحانات کا پتا چلا تھا تو تب فیصلہ کیا تھا کہ اپنے آپ کو امپائر کی حیثیت سے متعارف کرواؤں گی
سلیمہ امتیاز کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں امپائرنگ کے لیے جب گئے تو ادھر بالکل الگ ہی ماحول تھا اے سی سی لیول پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات تھی میرے دل میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے کا عزم ہے میں چاہتی تھی کہ میں کچھ ایسا کام کروں جو لوگ یاد بھی رکھیں اور اس کی تعریف بھی کریں ایشیا کپ کا تجربہ بہت اچھا رہا، بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا پہلی بار ٹی وی امپائرنگ کرنے کا موقع ملا ۔
سلیمہ امتیاز نے بتایا کہ دس میں سے کبھی ایک فیصلہ غلط بھی ہو جاتا ہے شروع شروع میں جب کوئی غلط فیصلہ ہوتا تھا تو بہت شرمندگی ہوتی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سیکھا ہے کہ اگر کبھی کوئی غلط فیصلہ ہو بھی جائے تو کچھ سیکنڈز کے لیے ضرور احساس ہوتا ہے کہ غلط فیصلہ کیا ہے لیکن اس کو آگے نہیں لے کے جانا بلکہ زیادہ فوکس ہو کے گیم پر نظر رکھنی ہے اور اچھی امپائرنگ کرنی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی بیٹی کو کرکٹ کے نئے قوانین کے حوالے سے اپڈیٹ کرتی رہتی ہوں جو نئے قوانین آتے ہیں ان کو ڈسکس بھی کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو کچھ نیا بتاتے رہتے ہیں ۔مستقبل میں میرا سب سے بڑا مقصد آئی سی سی میں امپائرنگ کرنا ہے اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہے اور اس لیول پر جا کر ایک اچھا اثر چھوڑوں تا کہ پاکستان سے آنے والے نئے امپائرز کے لیے یہ ایک بہترین فیلڈ ثابت ہو جس میں آگے جا سکتے ہیں میرا اس وقت اگلا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں امپائرنگ کرنا ہے۔
پی سی بی نے ہمیشہ ہر لیول پر بہت سپورٹ کیا ہے ہمارے مینجر امپائر ہیں وہ بہت سپورٹ کرتے ہیں ہمارے سینئر امپائرز سے بھی ہمیں بہت مدد ملتی ہے ایشین کرکٹ کونسل میں امپائرنگ کے لیے نام بھی پی سی بی نے ہی دیے تھے
پاکستان میں امپائرنگ کی طرف خواتین کا رجحان بہت کم ہے. میں ان سے یہی کہنا چاہوں گی کہ جیسے کرکٹ کھیلنا ایک جذبہ ہے اسی طرح امپائرنگ بھی ایک پیشن ہے خواتین کو اس فیلڈ میں آنا چاہیے تھوڑی محنت ضرور ہے لیکن ایک بہت اچھی فیلڈ ہے اس میں اپنے آپ کو منوائیں جو لڑکیاں کرکٹ کھیلتی ہیں اورجلدی چھوڑ دیتی ہیں یا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ اس فیلڈ کی طرف ضرور آئیں ۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کار ریسر سلطان گولڈن نے 112کلومیٹر ریورس سپیڈ سے کار چلانے کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ دنیا میں بائیک اورکار جمپنگ میں شہرت پانے والے پاکستان کے اسٹنٹ مین سلطان گولڈن یہ ریکارڈ رواں سال بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں سلطان گولڈ نے ساتھ ہی ساتھ یہ بھی دعوی کیا ہے کہ وہ 2019 میں منگورہ میں یہ ریکارڈ بنا چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے گینز ورلڈ بک ریکارڈ کو آگاہ نہیں کیا گیا جس وجہ سے یہ گینز بک میں شامل نہ ہو سکا اور میری محنت حکومتی عدم دلچسپی کی نظر ہوگئی ایس بی ایس اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سلطان گولڈن کا کہنا تھا کہ فٹبال کے بعد دنیا میں موٹر سپورٹس دوسرا کھیل بن چکا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں اس کے فروغ کے لیے آج تک موٹر سپورٹس کے لیے کوئی ادارہ قائم نہیں کیا گیا حکومت کے پاس فنڈز ہیں لیکن اس کھیل کی طرف کبھی توجہ نہیں دی گئی جس کا مجھے بے حد دکھ رہتا ہے سلطان گولڈن نے حکومتی حکام سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور کرتا رہوں گا لیکن حکومت پاکستان کی جانب سے کبھی کسی پلیٹ فارم پر پذیرائی نہیں دی گئی سطان گولڈن نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن گراؤنڈ مہیا کرنے کی ضرورت ہے ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے زیادہ سے زیادہ رنز کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کرکے ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یہ اعزاز حاصل کیا اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچز میں 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے دونوں میچز میں مہمان ٹیم کو شکست کا سامنا رہا پاکستان کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے
دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا ہدف دیا جو ٹیم گرین نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا
پاکستان نے کیویز کو دس گیندیں قبل ہی سات وکٹوں سے شکست دی
اوپننگ بیٹر فخر زمان نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا فخر زمان کی 180 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت جیت پاکستان کے کھاتے میں آئی بابراعظم نے 65 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی
ادھر نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل میچل نے 129 رنز بنائے اور کپتان ٹام لیتھم صرف دو رنز کی کمی سے سنچری بنانے سے محروم رہے ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں آج کراچی روانہ ہو جائیں گے جبکہ سیریز کے بقیہ تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔