آج کے سپورٹس راؤنڈ اپ میں سب سے پہلے آپ کو ملواتے ہیں پاکستان کے ویل چئیر ٹینس کھلاڑی آصف گل عباسی سے جو پہلے پاکستانی ویل چئیر ٹینس کھلاڑی ہیں جو اب تک تین انٹرنیشنل ایونٹس جیت چکے ہیں انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دس کے قریب بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی ہے۔

آصف گل عباسی پاکستان میں ویل چئیر ٹینس کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں ان کا اگلا ہدف معذوری کا شکار نوجوانوں کو ویل چئیر ٹینس کی جانب راغب کرنا ہے ۔ آصف گل عباسی کہتے ہیں کھیل کے ساتھ ساتھ کوچنگ کے کورسز بھی کر رہا ہوں میری خواہش ہے پاکستان میں ویل چئیر ٹینس کو مقبول کروں کیونکہ دنیا میں اس کھیل پر خاصہ کام ہو رہا ہے ۔

آصف گل عباسی نے بتایا کہ حال میں ترکی میں ہونے والی ورلڈ ٹیم کپ میں پاکستان ویل چئیر ٹیم نے شرکت کی جس میں ہم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دی جو پاکستان کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی راہداریوں میں یہ بات کافی سنجیدگی سے سوچی جا رہی ہے کہ کیا بابراعظم کو اگلے انٹرنیشنل سیزن کے لیے تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنا چاہیے یا صرف ایک ہی فارمیٹ تک محدود کر دیا جائے اگرچہ پی سی بی نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا کیونکہ پاکستان نے اپنی اگلی انٹرنیشنل سیریز اپریل میں کھیلنی ہے جس میں ابھی کافی وقت باقی ہے اس وقت پی سی بی کی تمام تر توجہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کو کرانے پر مرکوز ہے ۔

بابراعظم کی کپتانی کے حوالے سے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سے سوال ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی کپتانی میں بہتری لانے کے لیے ان کو مزید موقع ملنا چاہیے بابراعظم پر پریشر نہیں ہے لیکن کپتانی وقت کے ساتھ آتی ہے بابراعظم
تینوں فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انضمام الحق نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے افغانستان کے ساتھ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے پر کہا کہ پاکستان کا تو ہمیشہ ایک ہی موقف رہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے پاکستان تو بھارت کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلنے کو تیار ہوتا ہے تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلنا چاہے۔
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے ٹورنامنٹ کے میچز لاہور کراچی ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے گھٹنے کی انجری سے نجات کے بعد باؤلنگ کا آغاز کر دیا ہے وہ پی سی بی کے لاہور میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں شاہین آفریدی نے آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ میں ٹیم لاہور قلندرز کے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی ہی قیادت میں پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا ۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کھیلنے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ قومی ٹیم کو میری ضرورت تھی میگا ایونٹ میں اگر میں موجودہ فارم کی طرح باؤلنگ کرتا تو نتیجہ مختلف ہوتا شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی تیاری شروع کر دی ہے شائقین کرکٹ کو ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آؤں گا ۔
(ایس بی ایس اردو کے لیے یہ رپورٹ پاکستان سے انس سعید نے پیش کی ہے۔)



