انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ کے لیے نیشنل ڈیوٹی سے معذرت کر لی ہے انگلش کرکٹ ٹیم نے یکم مارچ سے چودہ مارچ تک بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جبکہ پی ایس ایل کے مقابلے تیرہ فروری سے انیس مارچ تک کھیلے جانے ہیں برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر ایلکس ہیلز ، لیام ڈاؤسن ،جیمزونس اور سیم بلنگز نے دورہ بنگلہ دیش کی بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے تمام کرکٹرز رواں ماہ پاکستان پہنچ کر اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے ۔ایلکس ہیلز نے پی ایس ایل میں ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ ، جیمز ونس نے کراچی کنگز، لیام ڈاؤسن اور سیم بلنگز نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنی ہے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن فائنل کھیلنے والے آٹھ سے نو کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے محمد حفیظ کی جگہ زمبابوے کے سکندر رضا کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے سکندر رضا اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں مجھے امید ہے ان کی موجودگی سے لاہور قلندرز کو فائدہ ہوگا اس سال سب سے زیادہ مضبوط اسکواڈ تیار کیا ہے ۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپئین و پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجرخواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی ہے ان کو گزشتہ سال انڈونیشیا میں کھیلے گئے ایشیاء کپ میں جاپان کے خلاف میچ میں بارہ کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا قصوروار قرار دیا گیا
ایشیاء کپ میں جاپان کے خلاف کھلاڑی میدان میں اتارنے کی وجہ سے پاکستان کا گول ڈس کوالیفائی کیا گیا تھا۔ جس کے باعث پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کر سکی۔ سابق سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کی تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی نے خواجہ جنید کو اصل قصوروار قرار دیتے ہوئے تاحیات پابندی لگا دی، سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے کہا کہ کمیٹی نے متعدد بار خواجہ جنید کو طلب کیا لیکن انھوں نے وٹس ایپ کے ذریعے بتایا کہ وہ ذمہ دار نہیں ہیں تاہم ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق تمام معاملات کا قصوروار مینجر ہوتا ہے۔ پی ایچ ایف کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ خواجہ جنید کی سنگین غلطی کے باعث پاکستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ، پاکستان ہاکی کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا، پابندی کے بعد اولمپئین خواجہ جنید ہاکی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کے بعد آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ساؤتھ افریقہ پہنچ گئی ہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی جبکہ ایک ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم دورے کے دوران ایک بھی میچ میں کامیابی نہ حاصل کر سکی ۔آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنا ہے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ سلیم جعفر کا کہنا تھا کہ سیریز میں مجموعی طور پر رزلٹ کے لحاظ سے مایوسی ہوئی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل تجربے کے حوالے سے یہ بہت اچھا ٹور تھا۔امید ہے کہ ساؤتھ افریقہ میں ہماری ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔