پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر آئی سی سی ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئی ۔
پاکستان ٹیم نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائیٹ واش کیا پاکستان نے تیسرے میچ میں افغانستان کو 59 رنز سے ہرایا ۔ کولمبو میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 269 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے 60 اور 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا نے 38 اور محمد نواز نے 30 رنز سکور کیے جبکہ شاداب خان نے تین ، شاہین آفریدی فہیم اشرف اور محمد نواز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔
امام الحق بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز جبکہ محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔

پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں جیولن تھرو کے ابتدائی مقابلوں میں 86.79 میٹر کی تھرو کر کے نہ صرف چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی بلکہ آئندہ سال فرانس میں منعقد ہونے والے اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی کیا ۔ انہوں نے مسلسل دوسری بار براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے اس سے قبل ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کر چکے ہیں
ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل مرحلے کا مقابلہ ہو رہا ہے۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر دوسری سب سے طویل تھرو کی جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا 88.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں ۔ ارشد ندیم نے اپنے فینز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی دعاؤں سے چیمپئن شپ کے فائنل اور پیرس اولمپکس 2024 کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ویرات کوہلی کے مقابلے میں بابراعظم کو بہتر کھلاڑی قرار دے دیا ۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم ویرات کوہلی کے مقابلے میں زیادہ تسلسل سے رنز کرتے ہیں جبکہ ویرات کوہلی ایک مخصوص دورانیے کے لیے پرفارمنس دکھاتے ہیں ۔ عاقب جاوید نے کہا کہ بڑے لمبے عرصے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی متوازن ٹیم تیار ہوئی ہے پاکستان ٹیم کا کمبینیشن اچھا لگ رہا ہے، فاسٹ بولرز، اسپنرز، ٹاپ آرڈر اور پھر مڈل آرڈر بھی سب اچھے ہیں اور فٹ بھی ہیں۔ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ کینڈی میں ہونے والے میچ میں پاکستان کو 3 فاسٹ باولرز شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے




