پاکستان کو ایک اور ایک سو پچاس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرنے والا فاسٹ بولر مل گیا ۔نوجوان ٹیلنٹ احسان اللہ کو دریافت پاکستان سپر لیگ کے جاری آٹھویں ایڈیشن میں کیا گیا ہے احسان اللہ نے ٹیم ملتان سلطان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی مہارت سے کرکٹ کو پسند کرنے والوں کو تب متاثر کیا جب انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں تیز ترین بال کرکے کپتان سرفراز احمد کو آؤٹ کیا ۔احسان اللہ نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ کو مشکلات سے دوچار کیا اور پلیئر آف دی میچ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
پاکستان کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ نوجوان رائٹ آرم بولر احسان اللہ ان دنوں دنیا بھر کے اخبارات کی شہ سرخیوں کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہیں پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ملتان سلطانز کے کوچ مشتاق احمد نے بھی احسان اللہ کی باولنگ کی تعریف کی ہے ان کا کہنا تھا کہ احسان اللہ نے پلان کے مطابق باؤلنگ کی احسان اللہ کی فٹنس پر چھ ماہ سے کام کر رہے تھے بابراعظم کو آؤٹ کرنا ان کا خواب تھا جو انہوں نے پورا کر لیا ٹائٹل جیتنے کے لیے مقامی کھلاڑیوں کا اچھا کھیلنا بہت ضروری ہوتا ہے پشاور زلمی کے پریزیڈینٹ انضام الحق نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو ہمیشہ نئے چہرے دیے ہیں امید ہے اس سیزن میں بھی نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے بیٹر صائم ایوب نے ملتان سلطانز کے خلاف اپنے پی ایس ایل کیریئر کی پہلی ففٹی بنا ڈالی۔ ان کی زبردست بیٹنگ نے کوئی ماہرین اور پرستاروں کی توجہ مبذول کرالی ہے، انہیں بڑا بیٹر قرار دیا جارہا ہے۔ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دی۔ تاہم دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے صائم ایوب نے اپنی نصف سنچری سے سبھی کو متاثر کیا۔یوں تو انھوں نے 37 گیندوں پر 53 رنز کی باری کھیلی مگر اس اننگز میں مارے گئے تین چھکوں اور تین چوکوں نے شائقین کو کافی لطف اندوز کیا، خاص کر ان کی ’نو لُک شاٹ‘۔
پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس دلوانے کا بیڑا پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز نے اٹھا لیا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور لاہور قلندرز کے درمیان ہاکی کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت کراچی میں ایک روزہ ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے شارٹ لسٹ ہونے والے پلئیرز لاہور قلندرز ہاکی لیگ کا حصہ بنیں گے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی اسٹک سے اسٹروک لگاکر ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز کیا شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا یہ بہت اچھا قدم ہے، ہاکی اپنا قومی کھیل ہے امید کرتا ہوں اس پروگرام کے تحت کرکٹ کے بعد ہاکی کا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا ۔
منیبہ علی صدیق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ دنیا میں صرف چھٹی خاتون ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
انھوں نے جنوبی افریقہ میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران آئر لینڈ کے خلاف 68 گیندوں پر 14 چوکے لگا کر 102 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے 70 رنز سے فتح حاصل کی۔
پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپین شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا پاکستان جونیئر اسکواش ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دی بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی گئ چیمپئن شپ میں پاکستان کی چار رکنی ٹیم نے شرکت کی اور فائنل میں روایتی حریف انڈیا کو دو صفر سے مات دی ۔فاتح ٹیم کے کھلاڑی حمزہ خان کا ایس بی ایس اردو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کو بھارت میں شکست دی جو پاکستان کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے ٹورنامنٹ کے لیے بہت سخت محنت کی حمزہ خان نے حکومت پاکستان سے کھیل اسکواش کو سپورٹ کرنے کی بھی اپیل کی ہے
بشکریہ انس سعید