آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں بجلی کے غیرمعمولی طویل بریک ڈاون کے بعد حزب اختلاف نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ روز وکٹوریہ کے مرکز میلبورن اور نواحی علاقوں میں شدید باد وباران اور طوفانی ہوا کے باعث بجلی کی ترسیل کے سینکڑوں پولز اور کم از کم چھ ٹرانسمیشن ٹاورز زمین بوس ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق بجلی کے نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ نیشنلز کے سینیٹر میٹ کیناوان کے بقول یہ سب اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک میں انرجی کی ترسیل کا نظام خاصا کمزور ہے۔
غزہ میں فائربندی کے لیے امریکا، مصر، اسرائیل اور قطرکے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ اسرائیل نے بین الاقوامی دباو کے باوجود غزہ پٹی کے رفا شہر پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جہاں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے قریب ڈیڑھ لاکھ افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان لوگوں کو وہاں سے نکالنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ کے حسن نصراللہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل پر جوابی حملے محض اس وقت روکے جائیں گے جب غزہ میں فائر بندی ہوگی۔
امریکا نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بشردوستانہ امداد کو غزہ میں داخلے کی راہ ہموار کرے۔ اسرائیلی حکام کا الزام ہے کہ امداد اقوام متحدہ کے ادارے UNRWA کے لیے ہے جس پر حماس کی مدد کا الزام ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کے بقول یہ امداد غزہ کے ضرورت مند شہریوں کے لیے خاصی اہم ہے۔
سینٹرلینک ادارے کے پاس شہریوں کی ایک ملین سے زائد درخواستیں التوا میں پڑی ہوی ہیں۔ سروسز آسٹریلیا کے نئے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ڈیوڈ ہیزلہرسٹ نے سینیٹ کو بتایا کہ گزشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق کم از کم 1.1 ملین درخواستین التوا میں پڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی جلد ان معاملات کو نمٹادیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکام پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سروسز آسٹریلیا نے رواں برس تین ہزار اضافی ملازمتوں کے بعد کارکنوں کی تعداد کا ہدف پورا کرلیا ہے۔
آسٹریلیا کی پارلیمان میں حزب اختلاف کے رہنما پیٹر ڈٹن نے اپنے پارٹی کے ساتھی رکن بارنابی جوئس کو ان کی متنازعہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد چھٹیوں پر چلے جانے کا کہا ہے۔ بارنابی کو ایک سوشل میڈیا میں فحش الفاظ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ان کی پارٹی دیگر رہنما ڈیوڈ لٹل پراوڈ کے مطابق ان کا یہ رویہ نارمل نہیں تھا۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز کا مقابلہ جیتنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو اس سیریز میں ایک کے مقابلے میں دو میچز سے آسٹریلیا سے شکست ہوئی ہے۔