فیفا ویمن فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 7-6سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔مٹلڈاس اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان برسبین میں یہ کوارٹر فائنل کھیلا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔مٹلڈاس نے فرانس کی گول کرنے کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا۔مقررہ 90 منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔اضافی 30 منٹ میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن کوئی بھی ٹیم گیند کو گول پوسٹ کے اندر پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔پینلٹی شوٹ آوٹ پر بھی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔دونوں ٹیموں کو دس دس پینلٹیز ملیں جس پر فرانس چھ بار گول کر سکا جبکہ مٹلڈاس نے گیند کو سات بار جال تک پہنچا کر تاریخ رقم کر دی ۔مٹلڈاس فیفا ویمن ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئیں۔وزیراعظم انتھونی البنیزی نے آسٹریلین ویمن فٹبال ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر پبلک ہولی ڈے کا اعلان کر رکھا ہے ۔۔آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی آسٹریلیا کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کو ایک بار پھر کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے انضمام الحق اس سے پہلے 2016 سے 2019 تک پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انضمام الحق کے دور میں ہی چیمپئنز ٹرافی 2017 کا تاج اپنے سر سجایا تھا انضمام الحق نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا بھی اعلان کر دیا ہے ۔ انضمام الحق کی سربراہی میں بننے والی سلیکٹر کمیٹی میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر ، ہیڈ کوچ گرینڈ بریڈبن اور حسن چیمہ کو شامل کیا گیا ہے ۔ انضمام الحق نے دوبارہ اہم ذمہ داری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں گے ایسا ٹیم کمبینیشن تیار کریں جس سے پاکستان کو مزید فتوحات ملیں ۔ ٹیم سلیکشن ایک اہم اور مشکل جاب ہوتی ہے رواں سال پاکستان نے دورہ آسٹریلیا سمیت ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے انضمام الحق نے بتایا کہ ان کو یقین ہے کہ وہ یہ ذمہ داری اچھے طریقے سے نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
تین بار ایشین چیمپئنز ٹرافی اور چار مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز رکھنے والی پاکستان ہاکی ٹیم پہلی بار ایشین چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی نہ کر سکی بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پانچویں پوزیشن پر فنش کیا پاکستان نے گروپ اسٹیج اور پانچویں پوزیشن کے لیے چین کو شکست دی پاکستان ہاکی ٹیم ٹرافی میں مجموعی طور پر دو میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ۔سابق اولمپئین شہباز سینئر نے ہاکی ٹیم کے گرتے ہوئے گراف کو شرمناک قرار دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم پہلے اولمپکس سے باہر ہوئی پھر ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوئی اب انتہائی شرم کی بات ہے کہ ہم ایشین چمپئین ٹرافی میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکے ٹیم کی پرفارمنس سے قوم کو مایوسی ہوئی ہے سابق اولمپئین خواجہ جنید نے پاکستان ہاکی ٹیم کی سلیکشن پر سوال اٹھا دیا ہے ۔۔
بشکریہ انس سعید