اقوام متحدہ نے رواں برس آسٹریلیا میں مہنگائی کی شرح بلند رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی یو این 2024 ورلڈ اکانومک سیچویشن اینڈ پراسپیکٹس رپورٹ میں اس کی بنیادی وجہ رہائشی مکانات کی کمی اور بلند قیمتیں بتائی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وقت کے ساتھ مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی لیکن سست رفتاری کے ساتھ۔
لبنان میں حزب اللہ تنظیم کے سربراہ حسن نصراللہ نے اسرائیل کو حماس کے ایک اہم رہنما کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے خاموش نہ رہنے کا اعلان کیا ہے۔ بیروت میں شیخ صالیح کی ہلاکت پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل پر دہشت گردی کا الزام لگایا۔ اسرائیلی حکام نے بیروت میں حماس کے اس اہم رہنما کی ایک ڈرون حملے میں ہلاکت کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔ دوسری جانب غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیلی افواج کی شدید زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔
چین نے بحرہ اسود کے اطراف تمام ممالک کے لیے آزاد اور پر امن بحری تجارت کے حق کے احترام کا مطالبہ کیا ہے ۔ حال ہی میں آسٹریلیا سمیت 12 ممالک نے خطے میں حوثی باغیوں کو متنبہ کیا کہ وہ سویلین بحری جہازوں پر حملوں سے باز آجائیں۔ اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے گینگ شوانگ نے اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کے حوالے سے یمن کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی۔
آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ نے فضائی کمپنیوں کوانٹس اور جیٹ اسٹار کے ساتھ مل کر سیاحت کے فروغ کے لیے صارفین کو سستے ٹکٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پریمیئر اسٹیون مائلز نے اے بی سی کو بتایا کہ موجودہ سیاحتی سیزن کے عروج میں بھی سیلانیوں کی کمی کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔
گزشتہ برس کے آزاد تجارتی معاہدے کے بعد بھارت کے لیے آسٹریلوی زرعی اجناس کی برآمدات میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان برآمدات کی فہرست میں گوشت، مچھلی، غلہ اور بادام کے ساتھ ساتھ ادویات، لکڑی اور کاغذ بھی شامل ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سڈنی "پنک ٹیسٹ" کھیلا جارہا ہے۔ جمعہ کے روز اس ٹیسٹ میچ میں سابقہ آسٹریلوی فاسٹ باولر گلین مک گراتھ کی مرحوم اہلیہ جین کی یاد اور چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگہی کے خاطر اس ٹیسٹ میچ میں "جین مک گراتھ ڈے" منایا گیا۔
برزبن انٹرنیشنل وکٹری ٹورنامنٹ کے دوران رافائیل ندال نے اپنے شاندار واپسی سے شائقین کو متاثر کیا۔ ایک برس کے وقفے کے بعد میدان میں اترنے والے ندال نے مقاملی کھلاڑی جیسن کوبلر کو ایک آسان مقابلے میں چھ ایک اور چھ دو سے شکست دی۔ ندال نے کہا کہ وہ میدان میں واپسی پر خوش ہیں۔