سابق اپوزیشن لیڈر Sussan Ley نے اعلان کیا ہے کہ وہ سیاست چھوڑ رہی ہیں۔ ان کے استعفے کے بعد نیو ساؤتھ ویلز کے جنوبی علاقے میں واقع ان کے حلقے فیرر میں ضمنی انتخاب کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لبرل پارٹی کی پہلی خاتون رہنما بننے کا موقع ملنے پر فخر ہے۔
وزیراعظم Anthony Albanese کا کہنا ہے کہ 2008 میں اسٹولن جنریشن سے کی گئی قومی معذرت وقت کے ساتھ درست فیصلہ ثابت ہوئی ہے۔ یہ بیان اس موقع پر دیا گیا جب سابق وزیراعظم Kevin Rudd کی جانب سے پیش کی گئی تاریخی معذرت کی 18ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز اور اے سی ٹی میں Aboriginal Legal Service NSW/ACT نے مقامی آسٹریلوی افراد کی زیر حراست اموات کے معاملے پر مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ "کلوزنگ دی گیپ" اہداف سے متعلق تازہ سالانہ رپورٹ کے مطابق صحت، تعلیم، روزگار اور قید کی شرح سمیت کئی اہم اشاریے جمود یا خرابی کا شکار ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک سینئر افسر نے مسلمانوں کے ایک گروپ کو غروب آفتاب کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی تھی، اس سے پہلے کہ پولیس نے انہیں وہاں سے ہٹایا۔ یہ واقعہ پیر کے روز سڈنی میں اسرائیلی صدر کے دورے کے خلاف ہونے والی ریلی کے دوران پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نماز ادا کرنے والے افراد کو دھکیلتے اور گھسیٹتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق سینئر افسر اجازت کی اطلاع دیگر اہلکاروں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن اس سے پہلے ہی گروپ کو طاقت کے استعمال سے منتشر کر دیا گیا۔ ریاستی پولیس کمشنر میل لینن نے کسی بھی دل آزاری پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کا مقصد کسی مذہب کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
امریکہ کے صدر Donald Trump نے اسرائیلی صدر Isaac Herzog کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اسرائیلی وزیراعظم Benjamin Netanyahu کو معاف نہ کرنے پر شرمندہ ہونا چاہیے۔ نیتن یاہو اسرائیل کے پہلے حاضر سروس وزیراعظم ہیں جن پر بدعنوانی، فراڈ اور اعتماد کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کی وہ تردید کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی صدر کے پاس معافی دینے کا اختیار ہے اور انہیں یہ اختیار استعمال کرنا چاہیے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روس کے ڈرون اور میزائل حملوں کی نئی لہر کے باعث کیف اور دیگر شہروں میں دسیوں ہزار افراد بجلی، حرارت اور پانی سے محروم ہو گئے ہیں۔ صرف کیف میں تقریباً 3,500 اپارٹمنٹ عمارتوں کو حرارتی نظام کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش میں 13ویں قومی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
Bangladesh Nationalist Party اور Jamaat-e-Islami نے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ نتائج کے اعلان تک پولنگ اسٹیشنز پر موجود رہیں۔ دونوں جماعتوں نے انتخابی کامیابی کے دعوے بھی کیے ہیں۔
ہاکی میں، آسٹریلیا کی مرد ٹیم نے ہوبارٹ میں جاری ایف آئی ایچ پرو لیگ بلاک میں جرمنی کو تین صفر سے شکست دے کر اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کُوکابراز نے منظم دفاع اور مضبوط حکمت عملی کے ذریعے جرمن دباؤ کا مقابلہ کیا۔
مسلسل دو ہوم گراؤنڈ فتوحات کے بعد اب آسٹریلوی ٹیم آج رات پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔





