فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آٹھویں روز میکسیکو نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دوسری جانب کینیڈا نے قطر کو 6-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی، جبکہ سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کو 4-1 سے ہرا کر گروپ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔
میکسیکو نے گواڈالاخارا کے قریب واقع اسٹیڈیو آکرون میں جنوبی کوریا کو سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ایل ٹری یعنی میکسیکو کی قومی فٹبال ٹیم، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
میکسیکو کے دفاعی مڈفیلڈر لوئس رومو نے جنوبی کوریا کے گول کیپر کی بڑی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کا واحد گول اسکور کیا۔
اسی گروپ کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے آخری لمحات میں پنالٹی کے ذریعے گول کر کے چیکیا کے خلاف ایک، ایک سے برابر مقابلہ کھیلتے ہوئے اپنی ورلڈ کپ امیدیں برقرار رکھیں۔
اس سے قبل وینکوور میں کینیڈا نے قطر کو چھ، صفر سے شکست دے کر اپنی تاریخ کی پہلی ورلڈ کپ فتح حاصل کی۔ یہ مردوں کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں شمالی امریکہ اور کیریبین خطے کی کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی کامیابی بھی ہے۔
تاہم اس شاندار فتح پر اس وقت افسوس کا سایہ چھا گیا جب کینیڈا کے مڈفیلڈر اسماعیل کونے ٹانگ ٹوٹنے کے باعث اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جائے گئے۔
ادھر لاس اینجلس میں سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کو چار، ایک سے شکست دی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ میچ کے تمام پانچ گول آخری بیس منٹ میں اسکور ہوئے۔
گروپ بی میں کینیڈا اور سوئٹزرلینڈ چار، چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، اور دونوں ٹیمیں 25 جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔
سوکروز کے لیے فیصلہ کن لمحہ قریب آ چکا ہے۔ اگر آسٹریلیا میزبان امریکا کو شکست دے دیتا ہے تو وہ اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔ امریکا کے سابق کھلاڑیوں اور صحافیوں کی جانب سے اپنی ٹیم کو فیورٹ قرار دینے کے باوجود آسٹریلوی ٹیم پوری توجہ اپنے کھیل پر مرکوز کیے ہوئے ہے، اور اپنی سب سے بڑی طاقت، یعنی ثقافتی تنوع، کو اپنی پہچان سمجھتی ہے۔
کوچ ٹونی پوپووچ کے پاس امریکا کے خلاف ہفتہ 20 جون کو ہونے والے میچ کے لیے تمام کھلاڑی دستیاب ہیں۔ یہ میچ آسٹریلوی وقت کے مطابق صبح چار بجے براہِ راست ایس بی ایس پر نشر کیا جائے گا۔
ہفتے کے روز دیگر مقابلوں میں اسکاٹ لینڈ کا سامنا مراکش سے ہوگا، برازیل ہیٹی کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ آسٹریلیا کے گروپ ڈی کے حریف ترکیہ اور پیراگوئے بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔





