فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میکسیکو اور جمہوریہ کوریا نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ آسٹریلوی فٹبال ٹیم (ساکروز) اتوار کو ترکیہ کے خلاف گروپ ڈی کے اپنے پہلے میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے
میزبان میکسیکو نے میکسیکو سٹی اسٹیڈیم، جو ماضی میں اسٹیڈیو ازٹیکا کے نام سے جانا جاتا تھا، میں جنوبی افریقہ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا کامیاب آغاز کیا۔ یہی وہ تاریخی میدان ہے جہاں فٹبال کے عظیم کھلاڑی پیلے اور ڈیاگو میراڈونا نے اپنے اپنے ادوار میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی تھی۔ میکسیکو کے جولیان کینیونیس نے آٹھویں منٹ میں گول کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو برتری دلائی بلکہ ورلڈ کپ 2026 کا پہلا گول اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ میکسیکو کی جانب سے دوسرا گول راول خیمنیز نے 67ویں منٹ میں کیا۔ اس مقابلے نے ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا، کیونکہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے کسی بھی افتتاحی میچ میں پہلی مرتبہ تین ریڈ کارڈز دکھائے گئے۔
پہلے روز کے دوسرے میچ میں جمہوریہ کوریا نے خسارے میں جانے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے چیکیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
چیکیا کے لاڈیسلاو کریچی نے 59ویں منٹ میں ولادیمیر کوفال کے عمدہ تھرو اِن پر ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم جمہوریہ کوریا نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67ویں اور 80ویں منٹ میں ہوانگ اِن بیوم اور او ہیون گیو کے گولز کی بدولت کامیابی حاصل کر لی۔ پہلے روز کے اختتام پر گروپ اے میں میکسیکو اور جمہوریہ کوریا تین، تین پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی قومی فٹبال ٹیم، سوکروز، کو ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ایک معمولی دھچکے کا سامنا ہے۔ اسٹرائیکر محمد تورے علالت کے باعث تربیتی سیشن میں شرکت نہیں کر سکے۔ تاہم ٹیم حکام پُرامید ہیں کہ ان کی طبیعت میں جلد بہتری آ جائے گی اور وہ آئندہ چند روز میں دوبارہ تربیت کا آغاز کر دیں گے۔ اگر محمد تورے دستیاب نہ ہوئے تو توجہ ٹیٹے ینگھی کی جانب مبذول ہو سکتی ہے، جنہوں نے ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے آخری وارم اپ میچ میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف ایک، ایک گول سے برابر رہنے والے مقابلے میں گول اسکور کیا تھا۔
سوکروز اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز اتوار کو ترکیہ کے خلاف کریں گے۔ یہ میچ آسٹریلین ایسٹرن اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق دوپہر ایک بجے ایس بی ایس پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔





