سابق آسٹریلین کپتان گریگ چیپل نے ایس بی ایس کو بتایا کہ سابق پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کی صحت پر تشویش بڑھ رہی ہے، اور سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں کے ایک گروپ نے حکومت سے ان کی بہتر طبی دیکھ بھال تک رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
گریگ چیپل نے ایس بی ایس کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کو اکثر گھنٹوں انتظار کے بعد ملاقات سے محروم رکھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی کو خاصا نقصان پہنچا ہے، اور حالیہ فوٹیج میں انہیں وہیل چیئر پر ہسپتال منتقل ہوتے دیکھا گیا۔ چیپل نے کہا کہ چار سال پہلے جب انہوں نے آخری بار عمران خان کو دیکھا تھا، وہ وزیرِ اعظم کے طور پر مکمل تندرست اور توانا تھے۔
چیپل کے مطابق پاکستان کی سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے ذاتی معالج کو ان کا معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے، تاہم حکومت اس پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔ تیئیس، چوبیس سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے حکومتِ پاکستان کو خط لکھا، مگر تاحال کوئی سرکاری جواب موصول نہیں ہوا، البتہ چیپل کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے معاملے پر توجہ ضرور مرکوز ہوئی ہے۔
چیپل نے آسٹریلوی وزیرِ خارجہ سے اپیل کی کہ وہ اقوامِ متحدہ یا دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو اس معاملے میں شامل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم کرکٹ یا سیاست سے بالاتر ہو کر ایک انسانی بنیادوں پر معاملہ ہے، اور آئندہ سال ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے ممکنہ دورۂ پاکستان کو اس مطالبے کو مزید زور دار انداز میں اٹھانے کا موقع قرار دیا۔





