جگنی چوہدری ایک کثیرالجہتی وزیول آرٹسٹ یا بصری فنکارہ ہیں جن کا کام روایتی عربی خطاطی کو جدید اور پائیدار ثقافتوں سے جوڑتا ہے۔ ان کی تخلیقات ذاتی کہانیوں، روحانی علامتوں اور ری سائیکل شدہ مواد کے ذریعے ایک ایسا بصری تعلق قائم کرتی ہیں جو ماضی اور مستقبل کو ایک ساتھ باندھ دیتا ہے۔
جگنی چوہدری نے مشرقِ وسطیٰ میں پرورش پائی اور نیشنل کالج آف آرٹس سے منی ایچر پینٹنگ اور خطاطی میں مہارت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بیچلر اور ایم فل سطح پر آرٹ ایجوکیشن میں تعلیم مکمل کی اور تدریسی تجربے کے بعد اپنے فن کو آسٹریلیا منتقل کیا، جہاں ان کے کام نے نئی سمت اختیار کی۔

جگنی چوہدری کا موجودہ فن پارہ 2D روایتی خطاطی سے نکل کر ری سائیکل شدہ مواد سے تیار کردہ 3D مجسمہ سازی تک پھیل چکا ہے۔ وہ اپنے تخلیقی عمل میں گاہک کی ذاتی کہانی اور اپنے مخصوص جیومیٹرک اسلوب کو یکجا کرتی ہیں، جبکہ ان کا فن ایک روحانی اور ماحولیاتی مکالمہ بن کر ابھرتا ہے جو فطرت اور شناخت دونوں کو جوڑتا ہے.






