بونڈائی جنکشن میں 2024 کے مہلک چاقو حملے میں مسلح شخص کا مقابلہ کرنے والے محمد طہٰ کو حال ہی میں گورنر جنرل کے ہاتھوں بریوری میڈل سے نوازا گیا ہے، جو آسٹریلیا کا تیسرا بڑا سولین اعزاز برائے بہادری ہے۔ SBS اردو سے خصوصی گفتگو میں طہٰ نے اس ہولناک دن کی یادیں، اپنے زخمی ساتھی کی مدد اور کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی حمایت کا ذکر کیا۔
عید کے تیسرے دن ایک عام ڈیوٹی شفٹ، اچانک بھگدڑ اور شور، اور پھر ایک ایسا منظر جو محمد طہٰ زندگی بھر نہیں بھول پائیں گے۔ بونڈائی جنکشن میں مسلح شخص کے چاقو حملے کے دوران طٰہٰ نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر حملہ آور کا مقابلہ کیا اور لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔ اس دوران ان کے ساتھی کو سینے میں چاقو لگا جبکہ طٰہٰ خود بھی زخمی ہوئے، لیکن انہوں نے فوری طور پر کوڈ بلیک الرٹ دے کر باقی عملے کو خبردار کیا۔ ان کی اس بہادری کے اعتراف میں انہیں تاحال تین اعزازات مل چکے ہیں — 2024 میں آسٹریلین سکیورٹی فاؤنڈیشن ایوارڈ، حال ہی میں گورنر جنرل کے ہاتھوں بریوری میڈل جو آسٹریلیا کا تیسرا بڑا سولین اعزاز ہے، اور NSW کمنڈیشن ایمبولینس ایوارڈ۔ طہٰ کہتے ہیں کہ انہوں نے کبھی ایسے اعزاز کی توقع نہیں کی تھی کیونکہ وہ صرف اپنی ڈیوٹی نبھا رہے تھے، لیکن اس واقعے نے ان کی زندگی کا نظریہ بدل دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کمیونٹی نے ہر مشکل مرحلے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا، اور ایوارڈ سیریمنی میں ان کے اہلخانہ کی موجودگی ان کے لیے ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔





