یکم جولائی سے پارٹنر ویزا کی فیس میں 25 فیصد اضافے کے بعد اب یہ فیس 11,710 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ایس بی ایس اردو نے ان جوڑوں سے بات کی جو اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے مہینوں نہیں بلکہ سالوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
یکم جولائی سے پارٹنر ویزا کی فیس میں پچیس فیصد اضافہ ہو چکا ہے اور اب یہ گیارہ ہزار سات سو دس ڈالرز تک پہنچ چکی ہے، جو گزشتہ برسوں کے معمول کے اضافے سے کہیں زیادہ ہے۔ New South Wales کے علاقے Maitland میں مقیم احتشام اطلاف نے اس سال جنوری میں پارٹنر ویزا کی درخواست جمع کروائی تھی، جس کا انتظار وقت پندرہ ماہ سے بڑھ کر پچیس ماہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے علیحدہ سے وزٹر ویزا کی درخواست بھی دی تھی جو مسترد ہو گئی، اور اب تک وہ مجموعی طور پر ساڑھے دس ہزار سے زائد ڈالرز مختلف ویزوں کی مد میں خرچ کر چکے ہیں۔ دوسری جانب، Parkes میں مقیم سروش اکرم جو اس سال پارٹنر ویزا کے لیے درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، کا کہنا ہے کہ فیس میں اضافے اور بڑھتی ہوئی cost of living کے باعث انہیں مزید بچت کے لیے زیادہ وقت درکار ہوگا، جس سے ان کا انتظار مزید طویل ہو جائے گا۔





