حالیہ ٹیلی کام آؤٹیجز کے پیش نظر، بیس سال کے تجربہ رکھنے والے ٹیلی کمیونیکیشن انجینیئر محمد عمر منظور نے SBS اردو کو بتایا کہ نیٹ ورک بندش کی صورت میں ایمرجنسی کالز، خاص طور پر ٹرپل زیرو، کیسے متاثر ہوتی ہیں اور شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کے لیے کیا اقدامات کر سکتے ہیں۔
محمد عمر منظور کے مطابق اگر آپ کا اپنا نیٹ ورک بند ہو جائے تو گھبرانے کی بجائے بار بار ٹرپل زیرو ملانے کی کوشش جاری رکھیں، کیونکہ آسٹریلیا کے قانون کے تحت فون خودکار طور پر کسی بھی دستیاب نیٹ ورک کے ذریعے ایمرجنسی کال جوڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ اگر کال نہ ملے تو گھر سے باہر نکلیں، سڑک یا کسی ایسی جگہ جائیں جہاں موبائل ٹاور قریب ہو۔ لینڈ لائن فون بھی ایک بہترین متبادل ہے، اپنا یا پڑوسی کا۔
اس کے علاوہ Wi-Fi کالنگ آن کریں - یہ سہولت آسٹریلیا کے تمام نیٹ ورکس پر دستیاب ہے اور کسی بھی وائی فائی، حتیٰ کہ پبلک وائی فائی کے ذریعے بھی کالز اور SMS ممکن بناتی ہے۔ اگر انٹرنیٹ چل رہا ہو لیکن کال نہ ملے تو WhatsApp، Messenger یا Viber کے ذریعے کسی عزیز کو پیغام بھیج کر ان سے اپنی جگہ ٹرپل زیرو کال کروانے کی درخواست کی جا سکتی ہے۔ محمد عمر کے بقول یہ چھوٹے چھوٹے اقدامات کسی کی جان بچانے کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے ان معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے۔





